لاہور (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو آج پیرول پر رہائی کی مدت ختم ہونے کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔ نواز شریف کی جاتی امرا سے جیل کے لیے روانگی سے قبل والدہ سے ملاقات کی۔ سابق وزیراعظم روانگی سے
قبل والدہ سے ملے تو ماحول افسردہ ہو گیا۔ نواز شریف نے والدہ سے کہا کہ ماں جی! گھبرانا نہیں ہے۔یہ مشکل وقت ہے جلد گزر جائے گا۔ جس پر نواز شریف کی والدہ نے بھی بیٹے کو تسلی دی اور کہا کہ ہمت نہ ہارنا ، یہ اللہ کی طرف سے آزمائش ہے۔ جس کے بعد ماحول سوگوار ہو گیا اور نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو جاتی امرا سے لاہور ائیر پورٹ کے حج ٹرمینل پر پہنچا دیا گیا جہاں سے انہیں خصوصی طیارے کے ذریعے اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔یاد رہے کہ سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اڈیالہ جیل میں قید نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو پیرول پر رہائی دی گئی تھی ۔ نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو بیگم کلثوم نواز کی آخری رسومات میں شرکت کرنے کے لیے 11 ستمبر کو پیرول پر رہا کیا گیا تھا۔ رہائی کے بعد نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو جاتی امرا منتقل کیا گیا ۔جس کے بعد نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی پیرول میں دو مرتبہ توسیع کی گئی ۔ پیرول پر رہائی میں توسیع بیگم کلثوم نواز کے جسد خاکی کی پاکستان منتقلی میں تاخیر پر کی گئی۔ سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کو جمعہ کے روز جاتی امرا میں میاں شریف کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا۔ بیگم کلثوم نواز کی آخری رسومات کا سلسلہ گذشتہ شب اختتام کو پہنچا۔ جبکہ نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی پیرول کی مدت آج شام 4 بجے ختم ہو رہی ہے جس کے تحت انہیں لاہور ائیر پورٹ کے حج ٹرمینل پرپہنچا دیا گیا ہے جہاں سے خصوصی طیارے کے ذریعے انہیں اسلام آباد منتقل کر کے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا جائے گا۔