کراچی (ویب ڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پہنچ گئے ہیں جہاں ان کی آمد پر بڑی تعداد میں مظاہرین موجود تھے جن سے چیف جسٹس نے ملاقات کی اور ان کے مسائل سننے اور حل کی یقین دہانی کروائی ، تفصیلات کے مطابق
سپریم کورٹ رجسٹری کے باہر مظاہرین کا رش موجود تھا اور جب چیف جسٹس ثاقب نثار پہنچے تو ان کے ہمراہ جسٹس مشیر عالم بھی تھے ۔اس موقع پر چیف جسٹس نے باہر رک کر پہلے مظاہرین کے مسائل کو معلوم کرنے کی کوشش کی ۔ مظاہرین میں لاپتہ افراد کے اہل خانہ اور پاکستان کواٹرز کے متاثرین موجود تھے ۔ ایک شہری نے چیف جسٹس سے التجا کی کہ اس کی زمینوں پر غیر قانونی قبضہ ہے ، سر مجھے انصاف چاہیے ، جس پر چیف جسٹس نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں کراچی دو دن آپ کیلئے ہی آیا ہوں اور سب کو ایک ایک کر کے سنوں گا ۔ چیف جسٹس نے مظاہرین کو یقین دہانی کروائی کہ تمام افراد کے مسائل سنے جائیں گے اور حل کیے جائیں گے ۔دوسری جانب ایک خبر کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں آج اہم مقدمات کی سماعت ہوگی، چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سماعت کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق کیسز کی سماعت کے لئے چیف جسٹس ثاقب نثار سپریم کورٹ رجسٹری پہنچ چکے ہیں، چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ امل قتل کیس، منی لانڈرنگ، صاف پانی فراہمی کیس، محکمہ تعلیم میں بھرتیوں کے کیسز کی سماعت کریگا۔ چیف جسٹس کی کراچی رجسٹری آمد کے موقع پر پاکستان کوارٹرز کے رہائشی،لاپتہ افراد کے اہل خانہ اور اسٹیل ملز کےملازمین نے احتجاج کیا اور چیف جسٹس سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔