کسی بھی تعلق کے آغاز میں اس کا احساس اچھوتا اور دلفریب ہوتا ہے تاہم یہ تمیز کرنا کہ یہ احساس عشق ہے یا جنسی ہوس، ذرا مشکل کام ہے کیوں کہ ان دونوں احساسات میں انسانی جذبات تقریباً ایک جیسے ہی ہوتے ہیں۔ رومانوی تعلقات کی ابتدا کسی بھی شخص کے لیے پُرجوش لمحات ہوتے ہیں جبکہ کسی کے پیار میں گرفتار ہونا تو زندگی ہی بدل دیتا ہے۔
کسی بھی تعلق کے آغاز میں اس کا احساس اچھوتا اور دلفریب ہوتا ہے تاہم یہ تمیز کرنا کہ یہ احساس عشق ہے یا جنسی ہوس، ذرا مشکل کام ہے کیوں کہ ان دونوں احساسات میں انسانی جذبات تقریباً ایک جیسے ہی ہوتے ہیں۔
لیکن خوش قسمتی سے سینکڑوں جوڑوں پر تحقیق کرنے والی سماجی امور کی ایک پروفیسر نے چار اصول مرتب کیے ہیں جن کی مدد سے آپ ہوس اور عشق کے درمیان فرق جانچ سکتے ہیں۔
کئی کتابوں کے خالق، تھراپسٹ اور سماجیات کی ماہر پروفیسر ٹیری آوربچ نے اوکلینڈ یونیورسٹی میں گفتگو کرتے ہوئے ان پہلوں پر روشنی ڈالی جو پیار اور عشق سے متعلق آپ کے نظریات بدل دیں گے۔
پروفیسر آربچ کے مطابق ہوس کے برعکس پیار کی پہلی نشانی ’ناطہ‘ ہے، خاص طور پر اپنے ساتھی کے لیے یا اپنی زندگی میں شامل دیگر اہم افراد سے ناطہ جوڑنے کی خواہش۔
جبکہ ہوس میں آپ اپنے ساتھی کے ساتھ خلوت میں گہری وابستگی کے خواہش مند ہوتے ہیں لیکن اگر یہ پیار ہے تو آپ چاہیں گے کہ آپ کی زندگی میں شامل دیگر اہم لوگ بھی آپ کے ساتھی سے پیار کریں۔ اگلی نشانی یہ ہے کہ آپ اپنے تعلقات کے اظہار کے لیے الفاظ کا چناؤ کیسے کرتے ہیں جو حقیقت میں آپ کے جذبات کی گہرائی کی ترجمانی بھی کرتی ہے۔
آوربچ کے مطابق، اگر آپ اپنے جملوں میں’ہم‘ کی بجائے ’میں‘ کا استعمال کرتے ہیں تو اس بات کے قوی امکان ہے کہ یہ تعلقات ہوس پر مشتمل ہیں کیونکہ محبت میں دو افراد اکثر ایک دوسرے کو اپنا حصہ تصور کرتے ہیں۔
خود افشانی، عشق اور ہوس میں تمیز کرنے کے لیے تیسرا اشارہ ہے۔ سچی محبت میں گرفتار افراد اپنی زندگی کے تمام پہلوں کے بارے میں اپنے ساتھی کو آگاہ کر دیتے ہیں جبکہ ہوس میں لوگ خود کو سطحی طورپر متعارف کراتے ہیں اور اپنی زندگی کے مخصوص پہلوؤں پر ہی بات کرتے ہیں مثال کے طور پر ان کے کیا مشاغل ہیں یا انہیں کھانے میں کیا پسند ہے۔ اگر یہ پیار ہوتا تو آپ میں اپنے راز افشا کرنے کا زیادہ حوصلہ ہوتا۔
آوربچ کے مطابق عشق اور ہوس کی آخری نشانی محبت کا ’اثر‘ یا ساتھی کا آپ پر ’اثر و رسوخ‘ ہے۔ یا یوں کہیے کہ محبت کا مطلب یہ ہے کہ کوئی شخص آپ کی ذاتی زندگی پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔
اس کی مثال یہ ہے کہ کسی دوسری ریاست سے آپ کو نوکری کی پیشکش ہو اگر آپ اپنے پارٹنر سے پیار کرتے ہیں تو وہ آپ کے فیصلے پر اثرانداز ہو گا جبکہ ہوس کی صورت میں اس کا آپ کے فیصلے پر ممکنہ اثر نہیں ہوگا۔
ہالینڈ میں یونیورسٹی آف گروننگجن سے وابسطہ ماہر نفسیات کے مطابق دنیا میں ’پہلی نظر میں محبت‘ جیسا کوئی کرشمہ نہیں ہے درحقیقت یہ محض جسمانی خواہش کا احساس ہوتا ہے۔