اسلام آباد (ویب ڈیسک) نجی ٹی وی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے معروف صحافی اور تجزیہ کار حسن نثار نے کہنا تھا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ دنیا کیلئے نئے سال کا تحفہ ہے جو دنیا کو قبول کرنا پڑے گا ، یہ ایک بہت خوفناک عمل ہے ۔
جیونیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“میں گفتگو کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ ایرانیوں اورعربوں کی ایک تاریخ ہے ، عربوں کے امریکہ کے ساتھ معاملات ہیں اور عربوں کا ہمارے ساتھ ایک مربیانہ رویہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایران اورامریکہ کے درمیان جنگ دنیا کیلئے نئے سال کاتحفہ ہے جو دنیا کو قبول کرنا پڑے گا ۔انہوں نے کہا کہ یہ بہت خوفناک عمل ہے ، دعا ہے کہ پاکستان ان حالات میں اپنا توازن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ۔ حسن نثار کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بے شمار مسائل ہیں ، دوچیزیں جب تک حکومت نے نہ کیں تو اس وقت تک ملک کا کوئی سر پیر نہیں ہے ۔ ایک تو پرائمری تعلیم ہے اور دوسری آبادی کو کنٹرول کرنا ہے ۔ یہ نہ کیا تو ملک میں 22کروڑ مسائل باقی رہیں گے ۔