اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) ملک بھر میں ایک ساتھ عید اور رمضان کے لئے اسلامی نظریاتی کونسل بھی متحرک ہوگئی ہے، اسلامی نظریاتی کونسل نے پشاور کے معروف عالم دین مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے رابطہ کرکے ملاقات کا وقت مانگ لیا ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی ٹیم کو محکمہ موسمیات کی تکنیکی ٹیموں سے ملوانے کا فیصلہ کیا گیا،مفتی پوپلزئی کی ٹیم کی چاند کی پیدائش اور رویت سے متعلق بریفننگ دی جائے گی۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے ذرائع کے مطابق مفتی شہاب الدین پوپلزئی اور انکی ٹیم کو سمجھایا جائیگا کہ چاند کی رویت ممکن نہیں تو نظر کیسےآ سکتا ہے؟ رویت کے حوالے سے مفتی پوپلزئی کے تحفظات بھی دور کرنے کی کوشش کی جائے گی،عید الاضحی پر چاند کی رویت کا مسئلہ نہیں ہوتا۔ ادھر عیدالاضحی کے حوالے سے محکمہ موسمیات اور وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے مختلف تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں ذوالحج کا چاند 2 اگست کو نظر آئیگا جبکہ عیدالاضحیٰ 13 اگست کو ہو گی،اس سے قبل فواد چوہدری نے اپنے ایک ٹویٹ میں بتایا تھا کہ ہجری کیلنڈر کے مطابق عیدالاضحی پیر 12 اگست 2019 کو ہو گی جبکہ محرم اتوار یکم ستمبر2019 کو ہو گا۔