اسلام آباد;وفاقی حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت بلوچستان کی ترقی اور اس کے عوام کی خوشحالی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے ۔اس سلسلے میں پہلے قدم کے طورپر وفاقی حکومت نے 9تجربہ کار اور سینئر افسروں کو بلوچستان میں تعینات کیاہے تاکہ اہم ترقیاتی پراجیکٹ
بشمول پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک)میں تیزی لائی جاسکے ۔ترجمان نے کہا کہ حکومت نے میرٹ کی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلی بار ایسے افسروں جو کسی ایک جگہ پر کافی عرصہ سے تعینات تھے اُن کا تبادلہ کیا ہے تاکہ بلوچستان میں تجربہ کار اور اہل لوگوں کی تعیناتی کی جاسکے ۔ترجمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھی وفاقی حکومت کو درخواست کی تھی کہ اُن کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اور بلوچستان کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے تجربہ کار افسر تعینات کئے جائیں۔جبکہ دوسری جانب ایک اور خبر کےمطابق پنجاب حکومت نے صحت کے شعبے میں اہم اقدام اٹھاتے ہوئے صوبے کے 19 اضلاع میں ہیلتھ انشورنس سکیم کی منظوری دےدی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیرصدارت محکمہ سپیشلائز ہیلتھ کیئر کا اجلاس ہوا جس میں سی ای او پنجاب ہیلتھ انشورنس مینجمنٹ کمپنی نے بریفنگ دی،اجلاس میں ہیلتھ انشورنس سکیم کے اجرا کی منظوری دی گئی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فائل ورک جلد ازجلد مکمل کیا جائے مکابینہ سے منظوری لی جائے گی،وزیر صحت نے کہا کہ کم آمدنی والے افرا دکومالیاتی تحفظ فراہم کیا جائے ،وزیراعظم عمران خان پنجاب کو شعبہ صحت میں رول ماڈل دیکھنا چاہتے ہیں۔