لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) عام تاثر ہے کہ صبح کے وقت نہانا چاہیے، اس سے نیند کی خماری جاتی رہتی ہے اور دن کا ایک اچھا آغاز ہوتا ہے۔ تاہم اب سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں اس عام تاثر کے برعکس نہانے کے لیے دن کا سب سے بہترین وقت بتا دیا ہے اورآپ یہ سن کر دنگ رہ جائیں گے کہ یہ صبح اٹھنے کے فوراً بعد کا نہیں بلکہ رات کو سونے سے پہلے کا وقت ہے۔میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق ڈرماٹالوجسٹس کی ایک ٹیم نے تحقیق کے بعد بتایا ہے کہ رات کو سونے سے پہلے نہانا پرسکون نیند کا باعث بنتا ہے اور اس سے انسان کی جلد بھی تروتازہ اور درخشندہ رہتی ہے۔
تحقیقاتی ٹیم کے رکن ڈاکٹر ثمر جبار کا کہنا تھا کہ ”رات کو نہانے سے دن بھر کا پسینہ اور اس کے ساتھ جمع ہونے والے جراثیم دھل جاتے ہیں اور میل کچیل اتر جاتا ہے۔اس سے انسان کئی طرح کی الرجی اور جلدی امراض سے محفوظ رہتا ہے۔ رات کو نہانے سے نیند بھی بہترین آتی ہے اور یہ جہاں ہماری ذہنی و جسمانی صحت کے لیے انتہائی مفید ہے وہیں ہماری جلد پر بھی بہت مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔رات کو جلد کے مردہ خلیے جھڑتے اور نئے بنتے ہیں، لہٰذا اگر ہم رات کو نہا نہ بھی سکیں تو کم ازکم منہ ضرور دھونا چاہیے۔“ دوسری طرف سائنسدانوں نے صبح کے وقت نہانے کے بھی کچھ فوائد گنوائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ”صبح کے وقت نہانے سے انسان کی تخلیقی صلاحیتیں بہتر ہوتی ہیں، اس کا دن اچھا گزرتا ہے اور کام میں وہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے۔“اب آپ سوچ رہے ہوں گے کہ دو بار نہا کر دونوں طرح کے فوائد حاصل کر لیں لیکن تحقیقاتی ٹیم کے رکن ڈاکٹر ڈیریک وی چن نے کہا ہے کہ ’دن میں صرف ایک بار نہانا چاہیے اور وہ بھی اگر نیم گرم پانی سے نہائیں تو بہترین ہے لیکن اگر دن میں دو بار نہانا چاہتے ہیں تو ایک وقت میں پانچ منٹ سے زیادہ کبھی مت نہائیں۔