لاہور(ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) نے پھرتیاں دکھاتے ہوئے وفات پا جانے والے اہلکاروں کے بھی تبادلے کر دیئے۔ایف بی آر نے دو روز قبل کراچی، لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت ملک کے 16 شہروں میں گریڈ 9 سے 16 تک کے افسران و اہلکاروں کے تبادلے کیے تھے۔ ایف بی آر کی جانب سے آج بھی ادارے کے اہلکاروں اور افسران کے تبادلے کیے گئے جن میں وفات پا جانے والے افراد بھی شامل ہیں۔ایف بی آر کے سیکریٹری مینجمنٹ آئی آر ولائت خان نے مرحومین کے تبادلے کے احکامات جاری کیے۔ایف بی آر نے 6 ماہ پہلے وفات پانے والے انسپکٹر صدیق سالک اور احمر سلیم کا تبادلہ کر دیا۔ مرحوم انسپکٹر صدیق سالک اور احمر سلیم کا سی آر ٹی او سے آر ٹی او ٹو تبادلہ کیا گیا۔ایف بی آر نے 4 ماہ قبل جہان فانی سےکوچ کر جانے والے کلرک کا بھی تبادلہ کر دیا۔اپر ڈویژن کلرک اویس اشتیاق بھٹی مرحوم کا آر ٹی او ٹو تبادلہ کر دیا گیا۔ اویس اشتیاق بھٹی 18فروری کو عارضہ قلب کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ جبکہ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق ملازمین کے تبادلے کئے گئے ہیں۔ کراچی میں اِن لینڈ ریونیو کے گریڈ 9 سے 14 کے 726 افسران تبدیل کردئیے گئے ہیں۔ملک بھر میں اِن لینڈ ریونیو کے مجموعی طور پر 2150 افسران کا تبادلہ کیا گیا ہے۔ کسٹمز ونگ میں بھی 500 افسران تبدیل کردیئے گئے ہیں۔ایف بی آر کے نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں ایف بی آر کے ملازمین کی تعداد 21 ہزار سے زیادہ ہے۔ادھر لاہور میں ایف بی آر ان لینڈ ریونیو کے 565 ملازمین کا تبادلہ کیا گیا ہے۔ملازمین کا تعلق گریڈ 9 سے 15 تک ہے، سیلز ٹیکس کیڈر کے گریڈ 18 کے 20 افسران تبدیل کردئیے گئے ہیں۔نوٹیفکیشن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گذشتہ مالی سال سالانہ ٹیکس ہدف میں تقریبا 580 ارب روپے کا شارٹ فال رہا۔ ان تبادلوں کا مقصد کرپشن کی روک تھام اور ریونیو ہدف پورا کرنا ہے۔