یہ کہنا کہ کپتان عمران خان 22 سال سے عوام کی قسمت بدلنے کے جو انقلابی دعوے کر رہے تھے وہ پورے ہو سکیں گے اس پر ماہرین کے تحفظات موجود ہیں۔ کیا ملک کی معیشت کی شرح نمو آئی ایم ایف کے پروگرام کے تحت اتنی بڑھ سکے گی کہ عوام تک معاشی ثمرات پہنچیں؟
یہ سوالیہ نشان ہے، لیکن یہ کہنا بجا ہو گا ملکی معیشت شاید اب کم از کم ”آئی سی یو“ سے باہر نکل آئے۔ سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نظریہ وزیراعظم ہاﺅس اور حکومت سے رخصت ہو گیا، لیکن یہ ایک حقیقت ہے کہ اسد عمر پی ٹی آئی کے پڑھے لکھے نوجوان طبقہ میں نہایت پسندیدہ شخصیت ہیں ان کی رخصتی سے پی ٹی آئی کے ہارڈ کور نوجوان رنجیدہ نظر آتے ہیں، جبکہ وزیراعظم عمران خان پر پی ٹی آئی کے اندر سے ان کی واپسی کے لئے شدید دباﺅ ہے،وزیراعظم عمران خان ایک پریس بریفننگ میں اسد عمر کو منانے اور واپس لانے کا عندیہ بھی دے چکے ہیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ اسد عمر کے وزیراعظم ہاﺅس سے رخصتی کے بعد جہاندیدہ اور زیرک سیاست دان جہانگیر ترین کا ڈنکہ وہاں بجنے لگا ہے حکومت کی حالیہ صف بندی اور تبدیلیوں میں جہانگیر ترین کا بہت عمل دخل ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے جہانگیر ترین اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے مابین اختلافات کو دور کرنے کی بھی کوشش کی ہے۔اب دیکھنا ہے کہ یہ کوشش کتنی بار آور ثابت ہوتی ہے کہنا مشکل ہے۔ وزیراعظم سیکرٹریٹ میں عمران خان کے سب سے با اعتماد اور قریبی ساتھی نعیم الحق ہیں، جن کی حیثیت پاکستان تحریک انصاف کے اندر تمام گروپوں سے ماورا ہے۔ وزیر اعظم عمران کی مشیر اور وزارت اطلاعات کی انچارج فردوس عاشق اعوان اپنی گوناں گوں صلاحیتوں کے باعث وزیراعظم سیکرٹریٹ اور کابینہ میں اہمیت اختیار کرتی ہوئی نظر آ رہی ہیں لگتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ان کی معاملہ فہمی کے قائل ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم کی مشیر فردوس عاشق اعوان نے وزارت اطلاعات سنبھالنے کے بعد پہلا کام یہ کیا ہے کہ انہوں نے وزیراعظم سیکرٹریٹ کے دروازے صحافیوں کے لئے کھول دیئے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو بھی مختصر ترین وقت میں میڈیا کے ساتھ اشتراک کار بڑھانے اور تعلقات استوار کرنے کے حوالے سے رام کر لیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ ایک ہفتہ میں صحافیوں کے ساتھ دو دفعہ اشتراک کار کیا، جس کا کریڈٹ انچارج وزیر فردوس عاشق اعوان کو ہی جاتا ہے۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے حسب ِ مزاج اور حسب ِ توقع قمری سال کے کیلنڈر کی سائنسی بنیادوں پر تشکیل کا بیڑا اُٹھا لیا ہے۔ سوہاوہ میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے القادر یونیورسٹی کی سنگ بنیاد رکھنے کے جلسہ سے فواد چودھری نے خوب خطاب کیا۔