اسلام آباد: تحریک انصاف نے نامزد نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک سے پہلا مطالبہ کردیا ہے۔
تحریک انصاف کے ترجمان اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے نامزد نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ علی جہانگیر صدیقی کی نامزدگی کے متنازع فیصلے سے قوم میں گہری تشویش پائی جاتی ہے ۔ سفارتکاری ، امور خارجہ اور بین الاقوامی معاملات سے نابلد شخص کی اہم سفارتی مقام پر تعیناتی قومی مفادات کے خون کے مترادف ہے تقرری قوم کے مفاد میں نہیں۔ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ نگران وزیراعظم علی جہانگیر صدیقی کی تقرری فوری کالعدم قرار دیں اور کسی معقول ، تجربہ کار اور زیرک شخصیت کو امریکہ میں بطور سفیر بھیجا جائے۔ علی جہانگیر صدیقی نے امریکہ میں نئے پاکستانی سفیر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں، علی جہانگیر صدیقی ایک روز قبل واشنگٹن پہنچے تھے، گزشتہ روز انہوں نے سفارتخانے کے عملے سے ملاقات کی۔ علی جہانگیر صدیقی چند ہفتوں میں صدر ٹرمپ کو اسناد سفارت پیش کریں گے۔یاد رہے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 8 مارچ 2018 کو علی جہانگیر کی نامزدگی کی منظوری دی تھی۔ علی جہانگیر وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی جہانگیر صدیقی کے بیٹے ہیں۔ علی جہانگیر صدیقی نجی ایئرلائن ایئربلیو کے ڈائریکٹر بھی رہے۔علی جہانگیر نے امریکہ میں کورنل یونیورسٹی سے اکنامکس میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے، وہ جے ایس بینک اور جے ایس پرائیویٹ ایکویٹی کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔ 2014 میں علی جہانگیر صدیقی کو ورلڈ اکنامک فورم میں بطور ینگ گلوبل لیڈر اعزاز سے نوازا گیا۔