کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان دلچسپ میچ کے ساتھ ہی پاکستان سپر لیگ کے راؤنڈ میچز کا خاتمہ ہو گیا ہے اور اب ایونٹ کے حتمی مرحلے کا آغاز کل سے ہو گا۔
اتوار کو کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ایونٹ کا آخری لیگ میچ کھیلا گیا جس میں کراچی کی فتح کے ساتھ ہی لاہور قلندرز کا ایونٹ میں سفر تمام ہوا۔پہلے مرحلے میں سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلوں کے بعد صف اول کی چار ٹیمیں پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہیں۔پشاور زلمی نو پوائنٹس کےساتھ سب سے آگے رہی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کے بھی نو پوائنٹس رہے لیکن کم رن ریٹ کے باعث اس کا نمبر دوسرا ہے۔ دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ کراچی کنگز نےلیگ مرحلے کا اختتام فتح کے ساتھ چوتھے نمبر پر کیا۔
لاہور قلندرز کی ٹیم سب سے آخری نمبرپررہی اور اگلے مرحلے میں جگہ نہ بناسکی۔پی ایس ایل کے پلے آف راؤنڈ کا آغاز 28 فروری سے ہوگا اور پہلے میچ میں ٹاپ ٹو ٹیمیں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مدمقابل ہوں گی جہاں میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں جگہ بنالےگی جبکہ شکست خوردہ ٹیم کے پاس ایک اور موقع ہوگا۔یاد رہے کہ گزشتہ سال افتتاحی ایڈیشن کے پہلے پلے آف میں بھی پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل آئی تھیں جہاں فتح نے کوئٹہ کے قدم چومے تھے۔دوسرا پلے آف کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا اور اس میچ کی فاتح ٹیم تیسرے پلے آف میچ میں پہلے پلے آف کی شکست خوردہ ٹیم سےمقابلہ کرےگی۔جو ٹیم اس میچ میں کامیابی حاصل کرے گی وہ فائنل میں جگہ بنا لے گی اور پہلے پلے آف کی فاتح ٹیم سے پانچ مارچ کو فائنل میں ٹکرائے گی۔