نیویارک……..مقبول ترین میسجنگ میسنجر واٹس ایپ نے اپنی سالانہ فیس ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔خیال رہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے صارفین سے سالانہ بنیادوں پر فیس لی جاتی ہے جو ایک ڈالر ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس میسنجر کے بانی جان کوم نے ایک کانفرنس کے دوران انکشاف کیا کہ اس سروس کی سالانہ فیس کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک ڈالر ویسے تو کوئی خاص نہیں مگر یہ چیز متعدد افراد کو یہ سروس استعمال کرنے سے روکتی ہے۔ایک عوامی میسجنگ سروس کیلئے اسے بالکل مفت کرنے کی ضرورت ہے۔جان کوم نے اعتراف کیا کہ صارفین کیلئے رکاوٹ بننے کیلئے ساتھ ساتھ سال میں ایک دفعہ ادائیگی کی حکمت عملی صحیح طرح کام بھی نہیں کررہی کیونکہ اس کے نتیجے میں بیشتر افراد ایک سال بعد اس سروس کا استعمال ہی اچانک ختم کردیتے ہیں۔فیس کے خاتمے کا اطلاق ہوگیا ہے تاہم اس ایپ کے تمام ورڑنز کے اسے پہنچنے میں ایک سے دو ہفتے لگ سکتے ہیں۔واٹس ایپ نے یہ بھی کہا کہ سالانہ فیس ختم کرنے کا یہ مطلب نہیں کہ اب صارفین کو اشتہارات کا سامنا ہوگا۔