پٹنہ (کامران غنی صبا) واٹس ایپ کی سب سے مشہور عالمی انجمن ‘بزم غزل’ کی طرف سے کئی کامیاب طرحی و غیر طرحی بین الاقوامی مشاعروں کے کامیاب انعقاد کے بعد آئندہ 16 مئی بروز سوموار رات 9 بجے سے ایک بین الاقوامی آڈیو نعتیہ مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جس میں ملک و بیرون ملک کے ممتاز شعرائے کرام اپنا نعتیہ کلام آڈیو کی صورت میں پیش کریں گے۔ منفرد انداز کے اس مشاعرہ کی صدارت بہار اردو اکادمی کے مقبول و فعال سکریٹری مشتاق احمد نوری فرمائیں گے۔
جبکہ نظامت کے فرائض مشترکہ طور پر نوجوان شعرا ایم آر چشتی، ڈاکٹر منصور خوشتر اور کامران غنی صبا انجام دیں گے اور بزم اردو قطر کے جنرل سکریٹری احمد اشفاق کی طرف سے اظہار تشکر ادا کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ پر سب سے پہلے مشاعرہ کا آغاز ‘بزم غزل’ کی طرف سے ہوا۔ رفتہ رفتہ دوسرے کئی گروپ بھی منظر عام پر آئے اور واٹس ایپ پر مشاعرہ کی نئی روایت کا آغاز ہوا۔بزم غزل کی طرف سے اب تک دس سے زائد بین الاقوامی مشاعرے اور خصوصی محفلوں کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔
واٹس ایپ پر مشاعرہ کی یہ روایت تیزی سے مقبول ہور ہی ہے۔ ‘بزم غزل’ کے اس نعتیہ مشاعرہ میں بحیثیت شاعر یا سامع شامل ہونے کے لیے درج ذیل واٹس ایپ نمبر پر رابطہ کیا جا سکتا ہے: 9835450662,9835088289