کراچی………پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ کے چیئر مین سمن مل نے کہا ہے کہ 3ارب 40 کروڑ روپے مالیت کی 10لاکھ بوری 6 ماہ کی بینک گارنٹی پر ادھار دینا یہ کھلی کرپشن ہے۔ محکمہ خوراک پورے صوبے کے لئے یکساں پالیسی مرتب کرے، موجودہ پالیسی کرپشن کا راستہ ہے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر خوراک گندم کی پالیسی کے حوالے سے جلدازجلد پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ سرکل کے ساتھ مشاورت کرکے فیصلہ کریں، ملاقات کے لئے وزیر خوراک کو خط بھی لکھ دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 6 ماہ کی بینک گارنٹی پرگندم کی فراہمی صرف سکھر اور لاڑکانہ ریجن کے لئے ہے اس پالیسی سے چمک دھمک نظر آرہی ہے، انہوں نے کہا کہ اپریل میں گندم کی نئی فصل آجائے گی اور اس وقت حکومت کے پاس گندم ی خریداری کے لئے فنڈز نہیں ہونگے، انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک جو بھی پالیسی بنائے وہ پورے صوبے کے لئے بنائی جائے ریجن کی سطح پر پالیسی مرتب کرنا کرپشن کو راستہ دکھاناہے۔انہوں نےمزید کہا کہ امکان ہے کہ چند روز میں وزیر خوراک سے ملاقات ہوجائے گی جس میں مسئلہ حل ہوجائے گا اگر مسئلہ حل نہیں ہوا تو اجلاس دوبارہ بلائیں گے اور کوئی فیصلہ کریں گے۔