لاہور (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کے دوران نظریہ پاکستان ٹرسٹ اور تحریک پاکستان ورکر ٹرسٹ کے عہدیداروں نے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر انہیں مبارکباد دی۔ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کی جانب سے کتابوں کا سیٹ بھی پیش کیا گیا۔
عثمان بزدار نے کتابیں دینے پر نظریہ پاکستان ٹرسٹ کا شکریہ ادا کیا۔ شرکاء نے قومی مسائل پر گفتگو کی اور حل کے لئے سفارشات اور تجاویز بھی پیش کیں۔ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے گفتگو کے دوران بتایا کہ 1989ء میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ نے 50 کارکنان تحریک پاکستان کو ان کی قومی خدمات کے اعتراف کے طورپر گولڈ میڈ ل پیش کئے۔ وزیراعلی عثمان بزدار کے بزرگ سردار عطا بزدار بھی ان میں شامل تھے جنہیں قائداعظم سے ملاقات اور تحریک پاکستان میں خدمات سرانجام دینے کا شرف حاصل ہوا۔ وزیراعلیٰ نے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کی طرف سے ایوان قائداعظم میں شجر کاری کی دعوت بھی قبول کی۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ وہ پنجاب کے پسماندہ ترین علاقے سے تعلق رکھتے ہیں یہ اللہ کا خاص فضل ہے جس نے پسماندہ علاقے کے بندے کو صوبے کی سب سے بڑی سیٹ پر بیٹھا دیا۔ وزیراعلی نے مسکراتے ہوئے کہاکہ ہم لاہور نہیں آتے تھے کیونکہ ہمیں راستوں کا پتہ نہیں چلتا تھا۔ پہلے تحصیل ناظم تھا، پنجاب اسمبلی کا رکن بنا تو ہال کا پتہ نہیں تھا۔ جب سے وزارت اعلیٰ کامنصب سنبھالا ہے کام ،کام اور بس کام ہے، کوئی لمحہ آرام کا نہیں۔