لاہور (ویب ڈیسک) بیگم کلثوم نواز کو گزشتہ روز سپرد خاک کردیا گیا ہے، ان کی نماز جنازہ جاتی امرا میں ادا کی گئی جہاں بہت سے جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے لیکن سب سے حیران کن صورتحال اس وقت دیکھنے میں آئی جب نیب ریفرنسز میں نواز شریف کے
وکیل خواجہ حارث نماز جنازہ پڑھ کر واپس جانے لگے تو لیگی کارکنان انہیں دعائیں دیتے رہے۔ شریف میڈیکل سٹی جاتی امرا میں بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، اس موقع پر سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی تھی لیکن لیگی کارکنان کئی مقامات پر سکیورٹی توڑ کر نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔ بیگم کلثوم نواز کو تدفین کے لیے لے جایا جانے لگا تو لوگ مادرِ جمہوریت الوداع کے نعرے لگاتے رہے۔ لیگی کارکنان اپنے قائد میاں نواز شریف کے ساتھ بھی اظہار محبت کرتے رہے لیکن نیب ریفرنسز میں نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نماز جنازہ پڑھ کر واپس جانے لگے تو لیگی کارکنوں نے ان کی گاڑی کو گھیر لیا۔ لیگی کارکنان کی جانب سے خواجہ حارث کے ساتھ والہانہ محبت کا اظہار کیا گیا اور لوگ انہیں دعائیں دیتے رہے۔ لیگی کارکن خواجہ حارث زندہ باد کے نعرے بھی لگاتے رہے، ایک کارکن نے خواجہ حارث کو دعا کچھ ان الفاظ میں دی، خواجہ صاحب آپ ہمارے لیڈر کا کیس لڑ رہے ہیں، آپ کو ہمارا سلام، آپ کو اللہ ہمت دے‘۔