اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نون کے 20 مئی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں مریم نواز کی پہلی باضابطہ موجودگی سے ان کی بطور نائب صدر تقرری کے حوالے سے پارٹی میں ان کے موثر باضابطہ کردار کا آغاز ہو گا۔ مسلم لیگ کے صدر اور قائد حزب اختلاف کی عدم موجودگی میں پارٹی کے اعلیٰ رہنماء سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت مستقبل کی راہ عمل بشمول احتجاجی مہم کے آغاز پر غور کرنے کیلئے پارلیمنٹ کی عمارت میں جمع ہوئے۔
کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کے دوران نواز شریف نے انہیں صورتحال خصوصاً سخت معاشی منظرنامے پر غور کرنے کو کہا۔ رابطہ کرنے پر نون لیگ کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید نے بتایا کہ کوئی بھی اس بات سے انکار نہیں کرسکتا کہ مریم ایک سیاسی حقیقت اور نہایت طاقتور سیاسی آواز ہیں، ایک ایسی پوزیشن کہ جسے انہوں نے اپنی جدوجہد سے حاصل کی ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ مریم 20 مئی کے نون لیگ کے سیشن میں شرکت کریں گی جس سے پارٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں ان کی پہلی باقاعدہ موجودگی ہوگی۔
نون لیگ کے ایک اور رہنما نے مریم نواز کے رتبے کے حوالےسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مسلم لیگ نون کیلئے مہینوں گلیوں میں احتجاج اور اپنے موقف اور جھوٹے الزامات پر اپنی قید کے ذریعے سیاسی میدان اور پارٹی میں عہدہ حاصل کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نے بہادری کے ساتھ جیل کا سامنا کیا اور اپنے ساتھ کئے جانے والے سلوک کے بارے میں چھوٹی سی بھی شکایت کبھی نہیں کی۔