اسلام آباد ؛پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان جشن آزادی مناتے ہی وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھا کر ملک کی باگ ڈور سنبھال لیں گے جبکہ صدر ممنون حسین نے قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس پیر کی صبح دس بجے طلب کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بائیس سال کی جدوجہد
کے بعد کپتان منزل کے قریب پہنچ گئے، عمران خان کا جشن آزادی کے بعد سترہ اگست کو وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کا امکان ہے، صدر عمران خان سےوزارت عظمیٰ کاحلف لیں گے۔تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یقین ہے پہلےمرحلےمیں ہی وزیراعظم کا فیصلہ ہوجائے گا، سادہ اکثریت کے لیے ایک سو باہتر ارکان کی حمایت چاہیے، پی ٹی آئی کے پاس تو ایک سو اکیاسی ووٹ ہیں۔اس سے قبل نگراں حکومت نے قومی اسمبلی کا اجلاس تیرہ اگست کو بلانے کی سمری صدر کو ارسال کردی، جس پر صدر ممنون حسین نے اجلاس طلب کرلیا۔پیر کو نو منتخب ارکان حلف اٹھائیں گے اور اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے کاغذات نامزدگی بھی جمع ہوں گے۔خیبرپختنونخواہ اسمبلی کا اجلاس بھی تیرہ اگست کو طلب کیا گیا ہے جبکہ پنجاب اسمبلی کااجلاس بھی تیرہ کوہی بلانےکاامکان ہے۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت نے غیر ملکی دورہ ملتوی کردیا، فیصلہ نگران وزیرقانون علی ظفر سے ملاقات میں ہوا، صدرممنون حسین نے نجی دورےپر اسکاٹ لینڈجانا تھا۔واضح رہے کہ وزارت عظمی کے لئے 172 اراکین کی حمایت درکار ہوگی، پہلے مرحلے میں مطلوبہ اکثیرت حاصل نہ ہونے پر قائد ایوان کا دوبارہ الیکشن ہوگا، ایوان میں موجود اکثریتی
ارکان کی حمایت حاصل کرنے پرقائد ایوان منتخب ہو جائے گا۔دوسری جانب قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی نے اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کرلیا۔نگران وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے سمری قائم مقام گورنر آغا سراج درانی کو ارسال کی تھی جس میں اسمبلی کا اجلاس 12 یا 13 اگست کو بلانے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔جیونیوز کے مطابق قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی نے وزیراعلیٰ کی سمری منظوری کرتے ہوئے اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کی صبح 10 بجے طلب کرلیاہے۔سندھ اسمبلی کے اجلاس میں نو منتخب اراکین حلف اٹھائیں گے جس کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا جب کہ وزارت اعلیٰ کا چناؤ یوم آزادی کے بعد طلب کیے جانے والے اجلاس میں ہوگا۔واضح رہےکہ عام انتخابات 2018 میں پیپلزپارٹی نے سندھ میں سادہ اکثریت حاصل کی ہے اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ایک بار پھر صوبے کا وزیراعلیٰ نامزد کیا ہے۔