لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 18 اگست کو وزراتِ عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے جس کی تصدیق پی ٹی آئی کے رہنما و سینیٹر فیصل جاوید نے بھی کردی۔
تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے بتایا کہ عمران خان 18 اگست کو وزیراعظم کے عہدے کے لیے حلف اٹھائیں گے، تاریخ مقرر کردی گئی ہے اور یہ فیصلہ عمران خان نے خود کیا۔ اس سے قبل 13 اگست اور اس کے بعد 15 اگست کے حوالے سے خبریں گرم تھیں کہ اس دن عمران خان بطور وزیر اعظم پاکستان عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
صدر مملکت ممنون حسین نے قومی اسمبلی کا اجلاس 13اگست کو طلب کیا ہے، اس اجلاس میں نو منتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے جس کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا چناؤ کیا جائے گا، وزیراعظم کے انتخاب کے لیے اسمبلی اجلاس یوم آزادی کی تعطیل کے بعد طلب کیا جائے گا۔