قیامت کب آئے گی، یہ کسی کو معلوم نہیں، لیکن قرب قیامت کی کچھ نشانیاں ضرور بیان کی گئی ہیں۔ ان میں سے کچھ نشانیاں معمولی نوعیت کی اور کچھ بہت غیرمعمولی ہیں۔ اگر بڑی اور غیرمعمولی نشانیوں کی بات کی جائے تو ان میں سے ایک حضرت امام مہدی علیہ السلام کی آمد بھی ہے۔
اگرچہ تمام مسلمان قیامت سے قبل حضرت امام مہدی علیہ السلام کی آمد پر یقین رکھتے ہیں، البتہ مختلف مسالک کے درمیان اس معاملے میں کچھ اختلافات بھی پائے جاتے ہیں۔ عام پایا جانے والا نظریہ تو یہی ہے کہ حضرت امام مہدی علیہ السلام قیامت سے قبل آئیں گے اور انسانوں کو تباہی سے بچائیں گے۔ اس کے برعکس پایا جانے والا نظریہ کچھ اس طرح ہے کہ حضرت امام مہدی علیہ السلام کا ظہور پہلے ہی ہوچکا ہے اور اس نظریے پر یقین رکھنے والے انہیں امام عسکری کا بیٹا قرار دیتے ہیں۔ یہ بات بھی موضوع بحث رہتی ہے کہ کیا حضرت عیسیٰ علیہ السلام ہی حضرت امام مہدی علیہ السلام ہیں، لیکن علماءکی کثیر تعداد کا اس بات پر اتفاق ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور حضرت امام مہدی علیہ السلام دو مختلف شخصیات ہیں۔