ممبئی: بالی ووڈ اداکار ارجن کپور اور ملائیکہ اروڑہ کا معاشقہ زبان زد عام ہے۔ جس کی وجہ سے مداحوں کی زبان پر یہی سوال رہتا ہے کہ دونوں شادی کب کریں گے لیکن اب ارجن کپور نے اس سوال کا جواب بھی دے دیا ہے۔
24 مئی کو ارجن کپور کی فلم ’ انڈیاز موسٹ وانٹڈ‘ ریلیز ہونے جارہی ہے جس میں وہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’ را‘ کے ایجنٹ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کی تشہیری مہم کے دوران ارجن کپور سے شادی کے حوالے سے سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ فی الحال وہ شادی نہیں کررہے، وہ ابھی اپنے پرسنل اور پروفیشنل اسپیس میں خوش ہیں ، شادی ابھی نہیں ہورہی ہے۔ ارجن کپور نے شادی نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ شادی کے بعد لوگ گنجے ہوجاتے ہیں۔ ارجن کے اس جواب پر وہاں موجود سبھی لوگ ہنس پڑے ۔ ارجن کپور نے کہا کہ جب بھی ان کی شادی سے وابستہ کچھ بھی ہوا تو سب کو پتہ چل جائے گا، ’میں ہمیشہ سے اوپن رہا ہوں، یقین کیجئے میں کسی کو بھی حیران نہیں کروں گا‘۔