اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ غیر منتخب لوگوں کو قابلیت کی وجہ سے اہم عہدوں پر لگایا گیا ہے، فواد چودھری سے میری دوستی گئی ہے، وہ روزانہ میرے گھر آتے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ فوادچودھری سے میری دوستی ہوگئی ہے، وہ روزانہ میرے گھر آتے ہیں، ان کی سابق وزارت میں کوئی مداخلت نہیں کی جارہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ غیر منتخب لوگوں کو ان کی قابلیت کی وجہ سے لگایا گیا ہے، نئے لوگ توانائی اور خزانہ کے شعبوں میں کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا فرض ہے کہ وہ اہل لوگوں کو عہدوں پر لگائیں۔ عمران خان کے اوورسیز پاکستانیوں کے خصوصی معاون زلفی بخاری نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے لیے جانے والے فیصلے قطعی طور پر سیاسی کمزور ی کا شکار نہیں ہیں۔ ایک انٹرویو میں بخاری کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اطلاعات کا قلمدان اس لیے تبدیل کیا گیا تھا کیونکہ وہ عہدے کی شرائط کو پورا نہیں کررہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اپنے فیصلے خود لیتے ہیں جبکہ انہیں تو کابینہ سے بھی بات کرنے کی ضرورت نہیں، وہ جب بھی کوئی فیصلہ لینے جارہے ہوتے ہیں تو دوسرے لوگوں سے مشورہ کرتے ہیں، کوئی بھی فیصلہ لینا ان کی صوابدید ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا ہرگز نہیں ہو گا کہ آصف علی زرداری کو سزا ہو جائے اور نواز شریف کو کلین چٹ مل جائے۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد حسین چوہدری نے ایک انٹرویو میں اعتراف کیا تھا کہ وزارتیں غیرمنتخب لوگوں کی وجہ سے تبدیل ہوئیں، اہم فیصلے ہوجاتے ہیں، پتہ ہی نہیں چلتا، میری وزارت میں نعیم الحق، یوسف بیگ مرزا، ارشد خان اور طاہر خان نے مداخلت کی، بہت زیادہ لوگ جب ایک ہی چیز کو منیج کرنے پر لگ گئے، اتنے لوگوں میں آپ کچھ نہیں کرسکتے، ایک پوزیشن ہونی چاہیے، میں نے وزارت اطلاعات میں اصلاحات شروع کیں لیکن وہ اپنی منزل تک نہیں پہنچ پار ہیں۔