اسلام آباد (ویب دیسک) سابق وفاقی وزیر اور ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وہ بیٹیوں سے ملنے کیلئے امریکا میں موجود ہیں، جلد ہی وطن واپس آئیں گے اور ان سے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے میڈیا سے
ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں اس وقت امریکا میں موجود ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ امریکا اپنی بیٹیوں سے ملنے آئے ہیں، میڈیا پر چلنے والی خبریں سراسر بےبنیاد ہیں اور وہ جلد وطن واپس آ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف دو ہفتوں سےملک سے باہر موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور سابق وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف پاکستان سے باہر چلے گئے ہیں، میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ خواجہ آصف کو چند سرکاری شخصیات نے مشورہ دیا ہے کہ انہیں کسی بھی وقت گرفتار کیا جاسکتا ہے اس لیے آپ ملک سے باہر چلے جائیں، خواجہ آصف نے اپنے خیر خواہوں کا مشورہ مان لیا اور ملک چھوڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے دبئی روزانے ہوگئے ہیں جہاں سے وہ کسی بھی یورپی ملک میں چلے جائیں گے، یہاں پر یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ خواجہ آصف کا سارا خاندان پہلے سے ہی بیرون ملک میں موجود ہے اب خواجہ آصف نے بھی ملک چھوڑ دیا ہے ۔
خواجہ آصف کے خلاف نیب میں منی لانڈرنگ الزامات اور نندی پور پاور پراجیکٹ کا ریفرنس دائر ہے جسکی تحقیقات جاری ہیں۔خیال رہے کہ کچھ روز قبل شیخ رشید نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ خواجہ آصف اور شاہد خاقان عباسی وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے والے کھلاڑی ہیں، اس لیے انہیں کچھ نہیں ہوسکتا ، یہ بات نواز شریف اور شہباز شریف کو کچھ عرصے بعد سمجھ میں آجائے گی۔