اسلام آباد (نیوز ڈیسک )اسلام آباد کے ایڈیشنل جج نے عمران خان کے ہرجانہ دعویٰ کی سماعت کرتے ہوئے نجم سیٹھی کو 28 ستمبر تک جواب جمع کروانے کی ہدایت کر تے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ہے ۔اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج محمد علی وڑائچ نے نجم سیٹھی کے خلاف وزیراعظم عمران خان کے ہرجانہ دعویٰ کی سماعت کی جس دوران نجم سیٹھی کے وکیل نے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت بیرون ملک ہیں جواب داخل کرنے کیلئے وقت دیا جائے ۔جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ کا وقت دیتاہوں جواب داخل کر دیں ۔ عمران خان کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کل پرسوں پر رکھ لیں ، اتنا وقت نہیں دیا جا سکتا ۔ نجم سیٹھی کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ نجم سیٹھی کی بیٹی کی شادی ہے ، 29 ستمبر کو آئیں گے ، یہ کریمنل کیس نہیں ہے کہ نجم سیٹھی بیٹی کی شادی چھوڑ کر آ جائیں ۔ جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ میں بھی یہاں کام کرنے بیٹھا ہوں ، مجھے میرا کام کرنے دیں ، آپ خود ہی طے نہ کریں ، مجھے تاریخ مقرر کر نے دیں ۔ عدالت نے سماعت 28 ستمبر تک ملتوی کر دی ہے ۔ خیال رہے کہ نجی ٹی وی چینل پر اپنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ بشریٰ بی بی اور وزیر اعظم عمران خان میں علیحدگی ہو چکی ہے اور بشریٰ بی بی بنی گالہ کو چھوڑ کر چلی گئی ہیں ، نجم سیٹھی کے اس دعوے کے بعد وزیر اعظم، ترجمان تحریک انصاف کی جانب سے نہ صرف نجم سیٹھی کے دعوؤں کی تردید کی گئی بلکہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی بابر اعوان کے ذریعے نجم سیٹھی پر ہتک عزت کا دعویٰ بھی دائر کیا گیا۔