اسلام آباد (ویب ڈیسک) صف اول کے روزنامہ اخبار نوائے وقت کی ایک رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن میں کوئی فارورڈ بلاک بن رہا ہے اور نہ ہی فارورڈ بلاک بنانے کی کوئی کوشش کامیابی سے ہمکنار ہوسکتی ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ چوہدری نثار علی خان مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت سے ناراض ضرور ہیں مگر ان سے دوبارہ تعلق قائم کرنے کیلئے تیار نہیں لیکن اس میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ وہ فارورڈ بلاک بنانے کے کسی مشن کا حصہ نہیں بنیں گے ۔ ایک ناقابل یقین حقیقت یہ بھی ہے کہ انہوں نے عام انتخابات سے قبل مسلم لیگ ن کے ارکان کو اپنے گرد اکٹھا کرنے کی بجائے مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم پر رہنے کی تلقین کی اسی طرح وہ 34سالہ سیاسی رفاقت ختم ہونے کے باوجود میاں نواز شریف کیخلاف کسی گروپ بندی کا حصہ نہیں بنے۔ وہ پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا تنویر حسین کے سوا کسی مسلم لیگی رہنما سے ملاقات نہیں کرتے۔ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی ایک بہت بڑی تعداد ان سے ملنا چاہتی ہے لیکن وہ ملاقات سے گریز کررہے ہیں۔ مسلم لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے بھی اس بات کی تائید کی ہے کہ چوہدری نثار علی خان مسلم لیگ ن میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بنائیں گے