اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی نواب شاہ میں ایسی زمینیں نکل آئی ہیں جو انہوں نے ڈیکلیئر نہیں کی تھیں۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ریلوے خسارہ پر از خود نوٹس کیس کی سماعت میں پیشی کے موقع پر شیخ رشید کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چیف جسٹس صاحب نے ہمیں 27تاریخ دے دی ہے، منی لانڈرنگ کا کیس نہیں لگا۔ انہوں نے بتایا کہ چیف جسٹس نے کہا ہے کہ وہ خود جائیں گے، ٹرین پر ، خود دیکھیں گے اورجائزہ لیں گے، چیف جسٹس صاحب نے بہترین کام کیا ہے، ان شااللہ قوم انہیں یاد رکھے گی۔ وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ زرداری صاحب کی جائیدادوں کا تو سب کو پتہ ہی ہے، زرداری اور فریال تالپور کی نواب شاہ میں زمینیں نکل آئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسی زمینیں نکل آئی ہیں جو انہوں نے ڈیکلیئر نہیں کی تھیں، جنہوں نے کرپشن کی ان کا محاسبہ ہو گا۔ شیخ رشید کا یہ بھی کہنا ہے کہ رائل پام میں ہمارے پیسے پھنسے ہیں، شارٹ ٹرم لیزکی اجازت دی جائے، گزشتہ دور میں ریلوے میں بہت کرپشن ہوئی ہے 42 ، 42 کروڑ کے انجن خریدے گئے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے فیصلے کا مجھے نہیں پتہ میں عدالت میں تھا۔