کیا آپ ایک ایسے ائیرپورٹ کا تصور کر سکتے ہیں جس میں مسافروں کے لیے ایک سنیما گھر کے ساتھ ساتھ ایک سوئمنگ پول بھی موجود ہو؟
ائیر پورٹ پر اکثر فلائٹس تاخیر کا شکار ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔ ان انتظار کی گھڑیوں میں ایک ائیر پورٹ پر کھانے اور خریداری کے علاوہ تفریح کے کیا ذرائع ہو سکتے ہیں؟ سنگا پور کا چھانگی ائیر پورٹ اپنے مسافروں کو وہ سب سہولتیں دیتا ہے جو دنیا کے کسی اور ائیر پورٹ پر نہیں ملتیں۔
چھانگی ائیر پورٹ پر مسافروں کی تفریح کے لیے بہت سی سہولتیں میسر ہیں۔ ان سہولتوں میں فری وائی فائی کے علاوہ ایک فری سنیما، سوئمنگ پول، تتلی گھر، مساج سینٹر، سنوز لائونج اور کئی دیگر بھی شامل ہیں۔
سنگاپور کے مشرق میں ایک علاقے چھانگی کا چھانگی ائیر پورٹ دنیا کے بہترین ائیرپورٹ کے طور پر جانا جاتا ہے۔ چھانگی ائیر پورٹ سے لوگ صرف سفر ہی نہیں کرتے بلکہ وہ یہاں تفریح کی غرض سے بھی آتے ہیں۔ کئی طلبہ اپنی پڑھائی کے لیے چھانگی ائیر پورٹ پر موجود کیفے کا انتخاب کرتے ہیں۔ اس طرح کئی خاندان صرف تفریح کی غرض سے چھانگی ائیر پورٹ کا رُخ کرتے ہیں۔
بچوں کے لیے اس ائیر پورٹ کے ہر ٹرمینل پر ایڈونچر پلے گرائونڈ، ٹی وی لائونج اور ویڈیو گیم کی سہولتیں موجود ہیں۔ اس کے علاوہ ٹرمینل ایک پر سوشل ٹری نامی ایک کمپیوٹر بھی موجود ہے جس پر مسافر اپنی تصاویر لے کر محفوظ کر سکتے ہیں۔
چھانگی ائیر پورٹ پر آرٹ گیلری اور میک اپ آرٹسٹ بھی موجود ہیں۔ آرٹ کے شوقین افراد یہاں پر دنیا کا بہترین آرٹ دیکھ کر اپنے شوق کی تسکین کرسکتے ہیں۔
چھانگی ائیر پورٹ اپنے افتتاح سے لے کر اب تک دنیا کے بہترین ائیر پورٹ ہونے کے 500 ایوارڈ اپنے نام کر چکا ہے۔