لاہور: دنیا میں ایک تحقیق کے دوران 75 فیصد مائوں نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اپنے پہلے بچے سے سب سے زیادہ پیار کرتی ہیں
ہم میں سے اکثر افراد اپنے والدین سے جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ تمام بچوں میں سے ان کا پسندیدہ بچہ کون سا ہے اور اس کے بدلے میں ہمیں ایک نہایت سیاسی سا جواب ملتا ہے جس میں والدین یہ بتاتے ہیں کہ انہیں تمام ہی بچے یکساں پیارے ہیں، تاہم حال ہی میں کی جانیوالی ایک تحقیق نے اس راز سے کسی حد تک پردہ اٹھا دیا ہے۔ جرنل آف میرج اینڈ فیملی میں شائع ہونیوالی ایک تحقیق کے مطابق ماؤں کو اپنا پہلا بچہ سب سے پیارا ہوتا ہے۔ تحقیق میں شامل کی گئی 75 فیصد ماؤں نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے پہلے بچے سے زیادہ محبت محسوس کرتی ہیں ۔ حیران کن بات یہ ہے کہ ایسی ہی ایک تحقیق 10 سال پہلے بھی کی گئی تھی اور اس کے نتائج بھی تقریباً یہی تھے۔ اس سے قبل اسی نوعیت کی ایک اور تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ عموماً والدین اپنے سب سے پہلے بچے کو زیادہ محبت اور توجہ دیتے ہیں جس کے باعث چھوٹے بچے کم اعتمادی اور احساس کمتری کا شکار ہوجاتے ہیں جو ساری عمر ان کیساتھ رہتا ہے ۔ ماہرین کے مطابق والدین روز مرہ کے معمولات میں اپنے پہلے بچے کیساتھ ترجیحی رویہ اپناتے ہیں اور انہیں اس کا احساس بھی نہیں ہو پاتا۔