اسلام آباد (ویب ڈیسک) حکومت کے سو روز مکمل ہونے پر وفاقی وزرا کی 100 روزہ منصوبہ بندی میں ٹاپ 10 کی بھاگ دوڑ ہو رہی ہے۔مختلف وزارتوں کی 100 روزہ کارکردگی کی رپورٹس بھی وزیراعظم عمران خان کو فراہم کر دی گئی ہیں ۔ اسد عمر ، شیخ رشید، مراد سعید اور فواد چودھری میں سخت ترین مقابلہ ہے۔
شاہ محمود قریشی، شہریار خان آفریدی، فیصل واوڈا ، زلفی بخاری اور طارق بشیر چیمہ بھی ٹاپ 10 کی فہرست میں شامل ہیں۔ وزیرمملکت برائے مواصلات مراد سعید نے کارکردگی کے اعتبار سے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ 50 دن میں 100 روزہ منصوبہ بندی کے اہداف حاصل کر لیے ہیں۔ مراد سعید نے اپنی وزارت میں 3 ارب 55 کروڑ روپے کہ بچت کی اور نئے منصوبے بھی شروع کیے۔شاندار کارکردگی پر مراد سعید کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے شاباش بھی دی۔ ملک کو اقتصادی بحران سے نکالنے کے لیے وزیرخزانہ اسد عمر بھی ٹاپ 10 فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔اسد عمر نے 100 روز میں معیشت کو سنبھالا دینے کا ٹارگٹ حاصل کر لیا۔اسد عمر نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین سے کامیاب اقتصادی معاہدے کیے۔وزیر ریلوے شیخ رشید بھی دوڑ جیتنے کے دعویدار ہیں۔ شیخ رشید نے 10 نئی ٹرینوں کا آغاز کیا اور ریلوے کی آمدن میں 2 ارب روپے کا ریکارڈ اضافہ کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے 100 دن بھی انتہائی اہم رہے۔ شاہ محمود قریشی نے بااثر ممالک سے سفارتی تعلقات قائم کیے جس کے تحت ملک کامیاب خارجہ پالیسی پر گامزن ہے۔مضبوط خارجہ پالیسی سے متعلق دوٹوک مؤقف اور شاہ محمود قریشی کا اقوام متحدہ میں خطاب نمایاں رہا۔
مسئلہ کشمیر میں بھارتی دہشتگردی اور انتہا پسندی کو شاہ محمود قریشی نے کھل کر بیان کیا۔عالمی برادری کے سامنے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں بیان کیں۔ اس کے علاوہ وفاقی وزیر برائے آبی منصوبہ بندی فیصل واوڈا کو صرف 50 روز مل سکے جس میں انہوں نے صوبوں میں پانی چوری کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے۔صوبوں میں پانی چوری روکنے کے لیے پہلی مرتبہ ٹیلی میٹرز کا منصوبہ شروع کیا گیا۔ورلڈ بینک کے ساتھ کامیاب مذاکرات سے رکا ہوا قرضہ بھی فیصل واوڈا نے واپس حاصل کر لیا۔وزارت میں واٹر پالیسی میں تبدیلی کے عملدرآمد کے آغاز کو فیصل واوڈا کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ زلفی بخاری کی وزارت اوورسیز میں بھی اہم اقدامات کیے گئے۔ ہزاروں غیر قانونی بھرتیاں اور بے قاعدگیاں پکڑی گئیں۔اوورسیز پاکستانیوں کے لیے سہولتیں اور نئے پروگرامز شروع کیے۔وزیر ہاﺅسنگ سوسائٹی طارق بشیر چیمہ کی 50 لاکھ گھروں کی منصوبہ بندی میں کارکردگی بھی قابل ستائش رہی۔طارق بشیر چیمہ کی منصوبہ بندی کا جلد آغاز اور کئی شہروں میں کارکردگی شامل ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے سے قبل اپنا 100 روزہ پلان دیا تھا جس کے تحت وفاقی وزرا کی پہلی سو روزہ کارکردگی کو پرکھا جانا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نےعام انتخابات سے قبل اپنا سو روزہ پلان ترتیب دیا تھا جس پر اقتدار میں آنے کے فوراً بعد ہی عملدرآمد شروع کر دیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے پہلے سو روز میں کئی عوام دوست منصوبوں کا اعلان کیا جس پر انہیں خوب پذیرائی بھی ملی تاہم اب پاکستان تحریک انصاف نے اپنی 100 روزہ کارکردگی عوام کے سامنے رکھنے کافیصلہ کیا تاکہ عوام کو نئی حکومت کی کارکردگی کا علم ہو سکے۔وزیر اعظم کے میڈیا ایڈوائزر افتخار درانی نے اعلان کر رکھا ہے کہ 29 نومبر 2018ءکو حکومت کی 100 روزہ کامیابیوں کا اعلان کیا جائے گا۔