لاہور(ویب ڈیسک) پنجاب کابینہ کے4وزراء کے محکموں کی تبدیلی کا فیصلہ ‘وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار وزیر اعظم عمران خان سے مشاورت سے محکموں کی تبدیلی کا اعلان کر یں گے ۔ذرائع پنجاب کے صوبائی وزراء اجمل چیمہ ‘زوار حسین وڑائچ اور حسین جہانیاں گر یزدی سمیت 4صوبائی وزراء کی کار کر دگی سے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے مکمل عدم اعتماد کااظہارکر دیا ہے جسکے بعد ان وزراء کے محکموں کی تبدیلی کے حوالے سے وزیر اعلی نے فیصلہ کر لیا ہے اور وزیر اعظم عمران خان سے مشاورت کے بعد مذکورہ وزراء کے نئے محکموں اور اوران وزراء کے مستقبل کے حوالے سے کوئی بھی حتمی فیصلہ کیا جائیگا ۔ادھر ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اقلیتوں کے متعلق نازیبا الفاظ کے استعمال کے بعد پنجاب کابینہ سے فارغ کیے جانیوالے فیاض الحسن چوہان کو حکومت نے ایک بار پھر پنجاب کابینہ میں شامل کر نے کا فیصلہ کر لیا ہے جسکے لیے وزیر اعظم عمران خان نے بھی آمادگی کا اظہار کرد یا ہے اور امکان ہے وہ چند روز میں پنجاب کابینہ کا حصہ بن جائیں گے اور انکوسماجی وبہبود کی وزارت ملنے کا امکان ہے ۔دوسری جانب ایک خبر کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج ہو گا جس میں ملک میں رائج نظام تعلیم میں اصلاحات سمیت 17نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال پرغورکیا جائیگا، کابینہ سیزن 2018 اور 2019 کیلئے گندم خریداری کی منظوری دیگی جبکہ ملک میں موجود وفاق کی فارغ جائیدادوں کی فروخت کا جائزہ بھی لیا جائیگا۔اجلاس میں وزارت وفاقی تعلیمات یکساں نظام تعلیم رائج کرنے کے حوالے سے تجاویزبھی دیگی،کابینہ چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ایجوکیشن کی ڈیپوٹیشن میں توسیع اور فیڈرل لینڈ کمیشن کی چیئرمین کی تعیناتی کی منظوری بھی دیگی۔بلغاریہ اورپاکستان کے ادارے نیشنل میوزیم آف نیچرل ہسٹری کے درمیان مفاہمتی یادداشت اور پاک بوسنیا جوائنٹ اکنامک کمیشن کے قیام کے پیشگی فیصلہ کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔اس کے علاوہ کابینہ اجلاس میں انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت صوبائی کاوئنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کو انویسٹی گیشن اینڈ پراسیکوشن ایجنسی بنانے کی منظوری کا بھی امکان ہے۔