وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ محنت کا پھل ملنے کی خوشی ہو رہی ہے، اب فیتہ نہیں کاٹیں گے تو کیا کریں گے؟ فیتہ کاٹ رہے ہیں تو برداشت کرو اوراللہ کا شکر ادا کرو۔ محنت کا پھل ملنے کی خوشی ہو رہی ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے شیخو پورہ میں بھکی تھرمل پاور پلانٹ کی تقریب سے خطاب کیا ۔اس موقع پرانہوں نے مخالفین کو مشورہ دیا کہ پاکستان کو آگے لے جانے کےلیے اپنا حصہ ڈالیں،سازشیں کرنا چھوڑ دیں،آپ بھی ہاتھ بٹائیں اور سازشیں چھوڑ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب پھل کھانے کا وقت آگیاہے ، دنیا تسلیم کررہی ہے پاکستان اکنامک پاور بننے جارہا ہے۔اس سے سب کوفائدہ پہنچے گا چاہے وہ حکومت ہو یا اپوزیشن، امید ہے کہ اس سال دس ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ایسے ادوار سے گزرا جب منصوبوں پر کام روک دیا گیا۔ایک ہم ہیں جو آج نہیں مستقبل کا سوچ رہے ہیں،ایک وہ تھےجوآج کی ضرورتوں کو نظرانداز کرگئے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنا نہیں اسے سستا کرنا بھی ہدف ہے۔