اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی) عالمی سطح پر کورونا کے خلاف جنگ میں برسرپیکار عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسیس قرنطینہ میں چلے گئے۔ انھوں نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں کہاکہ ”میں خیریت سے اور بغیر کسی علامات کے ہوں تاہم میں جلد ہی احتیاطاً قرنطینہ میں چلا جاؤں گا۔‘‘ عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر کورونا کی عالمی وبا سے نمٹنے کی جدوجہد میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں تاہم ‘کووڈ 19 پوزیٹیو‘ کے حامل کسی شخص کے ساتھ رابطے میں آنے کے بعد انہوں نے فوری طور سے خود کو الگ تھلگ کر لینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا،”میں بالکل ٹھیک اور کووڈ انیس کی علامات کے بغیر ہوں لیکن میں عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کے پروٹوکول پر عملدارآمد کرتے ہوئے گھر سے کام کروں گا۔‘‘