اسلام آباد(ایس ایم حسنین) عالمی ادارہ صحت کے اعلیٰ سطحی وفد نے ڈاکٹر جیسیکا کی سربراہی میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور ایس او پیز سمیت کورونا کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔ عالمی ادارے کے وفد نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے جاری کردہ ایس او پیز سے متعلق اقدامات کو سراہا ہے۔ ائرپورٹ انتظامیہ کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے اعلیٰ سطحی وفد کو ایئرپورٹ منیجر عدنان خان نے مسافروں کی اسکریننگ کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔ڈاکٹر جیسیکا کی سربراہی میں دورہ کرنے والے وفد کو محکمہ صحت کی جانب سے بھی ایئرپورٹ پر کورونا سے بچاؤ کے لیے کیے جانے والے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ایئر پورٹ منیجر عدنان خان نے وفد کو بتایا کہ تمام مسافروں کی مکمل اسکریننگ کی جاتی ہے اور تمام ایس او پیز پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جاتا ہے۔