اسلام آباد (ویب ڈیسک ) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب کو دھمکیاں دینے پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے بھائی کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے جاری کارروائی کے باعث بعض سیاستدان نیب کے خلاف دھمکی آمیز زبان استعمال کر رہے ہیں اور اس حوالے سے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے بھائی راجہ جاوید اشرف نے بھی ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نیب کیخلاف نازیبا زبان استعمال کی۔نیب ترجمان کے مطابق چیئرمین نیب نے خود راجہ جاوید اشرف کے بھائی کی دھمکیوں کا نوٹس لے کر قانونی چارہ جوئی کا حکم دیا جس کے بعد ان کیخلاف قانونی کارروائی کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ راجہ جاوید اشرف کے خلاف کاروائی کا فیصلہ دھمکی آمیز لہجے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ نیب نے اپنے اعلامیہ میں مزید کہا ہے کہ بدعنوانی کے خاتمے کیلئے کسی دھمکی کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔