اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ابھی وزیراعلیٰ پنجاب کا فیصلہ نہیں ہوا اور میں اس بار سب سے زیادہ جوش خروش سے 14 اگست مناوں گا۔پارلیمنٹ ہاوس سے روانگی سے قبل میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے صحافیوں سے گفتگوکی۔ ایک صحافی نے سوال کیا کہ ”فضل الرحمان نے کہا یوم آزادی نہیں منائیں گے؟ آپ اس پر کیا کہیں گے؟ ”عمران خان کا کہنا تھا کہ میں اس بار سب سے زیادہ جوش خروش سے 14 اگست مناوں گا۔ صحافی نے سوال کیا ”کیا وزیر اعلیٰ پنجاب کا فیصلہ ہوگیا ہے؟ ”جس پر پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ابھی وزیر اعلیٰ پنجاب کا فیصلہ نہیں ہوا صحافی کا مزید کہنا تھا کہ ”کیا وزیر اعلیٰ پنجاب کا چناو مشکل فیصلہ ہے؟ ”اس سوال کے جواب میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان صرف مسکرا دیے۔ واضح رہے کہ 15ویں قومی اسمبلی کے اجلاس میں نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ارکان سے حلف لیا اور ارکان سے رجسٹر پر حاضری لگانے کا ہوا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان رکنیت رجسٹر پر دستخط کرنے کیلئے اپنی نشست سے اٹھے تو تحریک انصاف کے ارکان نے ”آئی آئی پی ٹی آئی“ کے نعرے لگا دیئے اور ایوان تحریک انصاف کے نعروں سے گونج اٹھا۔ اس موقع عمران خان نے رکنیت رجسٹر پر دستخط کئے، تحریک انصاف کے چیئرمین نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے گرم جوشی سے مصافحہ کیا۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے بطور رکن قومی اسمبلی حلف اٹھاتے ہی متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو جشن آزاد ی میں شرکت کی دعوت دے دی۔ 15ویں قومی اسمبلی کے اجلاس میں بطور رکن حلف اٹھانے کے بعد شیخ رشید احمد اسمبلی سے باہر آئے اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کی۔ اس موقع پر انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو 14 اگست کے جشن میں شرکت کی دعوت دی اور ساتھ ہی انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ شیخ رشید نے کہا میں مولانا فضل الرحمان کو 14 اگست کی مبارکباد دیتا ہوں، یہ اسلام کا چورن اور اسلام آباد کا نام لے کر سازش کررہے تھے لیکن اللہ نے آج مضبوط پاکستان دیا اور اداروں کو پہلے سے زیادہ عزت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 13 اگست (آج ) کو لال حویلی میں آزادی کا جشن ہوگا، تمام غریبوں کو یقین دلاتا ہوں کہ عمران خان کی حکومت میں شیخ رشید کی آواز غریبوں کی آواز ہوگی حرام کو اپنے اوپر حرام قرار دیں گے، جمہوریت کو آگے لے کر چلیں گے اور اپوزیشن کے آگے دوستی کا ہاتھ بڑھائیں گے۔ واضح رہے کہ جمعیت علماء اسلام اور متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کچھ روز پہلے 14 اگست کو یوم آزادی کا جشن نہ منانے کا اعلان کیا تھا اور شیخ رشید کی جانب سے انہیں جشن آزادی میں شرکت کی دعوت اسی تناظر میں دی گئی ہے۔