کراچی: وزیرِاعلی سندھ مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر نگران وزیرِاعلیٰ کے معاملے پر اب تک فیصلہ نہیں کر سکے ہیں۔ معاملہ آج رات بارہ بجے پارلیمانی کمیٹی میں چلا جائے گا۔
سندھ میں نگران وزیرِاعلی کی تعیناتی کا معاملہ معمہ بن گیا۔ وزیرِاعلی سندھ اور اپوزیشن لیڈر میں ڈیڈ لاک اب تک برقرار ہے۔ دونوں رہنماؤں کے پاس آج رات 12 بجے تک کا وقت باقی رہ گیا ہے۔
وزیرِاعلی سندھ مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن کے درمیان ایک ملاقات کے بعد سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا کہنا ہے کہ رات 12 بجے تک فیصلہ نہ ہوا تو پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی جائے گی جس میں وزیرِاعلی اور اپوزیشن لیڈر دو، دو نام دے سکتے ہیں۔
پارلیمانی کمیٹی دو روز میں نگران وزیرِاعلی کیلئے حتمی نام کا فیصلہ کریگی۔ اگر پارلیمانی کمیٹی بھی فیصلہ نہ کر سکی تو پھر معاملہ الیکشن کمیشن کے سپرد ہو جائے گا۔