اسلام آباد(ایس ایم حسنین)عالمی سطح پر ویکسین کی تیاری اور تقسیم کے بارے میں دعوے اور معاہدے سامنے آنے کے بعد عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ عالمی وبا کووڈ 19 سے بچاؤ کے لیے صرف ویکسین کافی نہیں ہو گی۔ عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عالمی ادارے صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا کہ جب کورونا ویکسین دستیاب ہو گی تو ابتدا میں اس کی کم مقدار ملے گی جس کی وجہ سے پہلی ترجیح عمر رسیدہ افراد، ہیلتھ ورکرز اور کووڈ 19 سے متاثرہ مریض ہوں گے۔ ان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وائرس سے اب تک پوری دنیا میں پانچ کروڑ 44 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ 13 لاکھ 18 ہزار سے زائد افراد نے داعی اجل کو لبیک کہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے تسلیم کیا کہ ویکسین کی دستیابی یقینا کورونا سے ہونے والی اموات میں کمی کا سبب بنے گی لیکن یہ کافی نہیں ہوگا کیونکہ اس کے باوجود کورونا کے پھیلنے کے امکانات ہوں گے لہذا ہمیں پوری طرح احتیاط کرنا ہو گی، نگرانی رکھنا ہو گی اور ٹیسٹوں کے نظام کو مزید مؤثر کرنا ہو گا۔ہم نیوز کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ ہمیں متاثرین کورونا کو علیحدہ رکھنا ہو گا اورایسے افراد کی بھی دیکھ بھال کرنا ہو گی جو کورونا متاثرین سے کسی بھی مرحلے پر ملے ہوں۔