اسلام آباد: اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے صوبے میں نگران وزیراعلیٰ کے لیے 4 نام الیکشن کمیشن کو بھیج دیئے۔خیبرپختونخوا میں نگران وزیراعلیٰ کے لیے پہلے منظور آفریدی کے نام کی منظوری دی گئی تھی تاہم اپوزیشن جماعتوں کی شدید مخالفت پر تحریک انصاف کی قیادت نے بعد میں منظور آفریدی کا نام واپس لے لیا
جس کے بعد اپوزیشن اور حکومت کے درمیان نگران وزیراعلیٰ کے لیے نام پر اتفاق نہیں ہوا۔خیبرپختونخوا میں نگران وزیراعلیٰ کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی بھی کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی جس کے بعد معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جاچکا ہے۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے الیکشن کمیشن کو ایک مراسلہ بھیجا ہے جس میں صوبے کے نگران وزیراعلیٰ کے لیے 4 نام دیئے گئے ہیں جن میں حکومت کی جانب سے حمایت اللہ خان اور اعجاز قریشی کے نام شامل ہیں جب کہ اپوزیشن کی طرف سے منظور آفریدی اور جسٹس (ر) دوست محمد کا نام دیا گیا ہے۔اسپیکر کے مراسلے میں کہا گیا ہےکہ پارلیمانی کمیٹی نگران وزیراعلیٰ کےنام پرمتفق نہیں ہوسکی لہٰذا الیکشن کمیشن آئین کے تحت 2 روز میں نگران وزیراعلیٰ نامزد کرے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو نگران وزیراعلیٰ نامزد کرنے کی درخواست کی ہے، الیکشن کمیشن منگل تک نگران وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان کرنے کا پابند ہے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے صوبائی اسمبلی کے اسپیکر کی جانب سے نام موصول ہونے کےبعد آئندہ دو روز میں ایک نام کا اعلان کردیا جائے گا۔