لاہور (ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے پانچ رکنی پینل نے گزشتہ ہفتے کوچز کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز کیے تھے۔جن افراد کے انٹرویوز کئے گئے تھے ان میں قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق، ڈین جونز اور وقار یونس سمیت 5 افراد شامل تھے۔پری سیزن کیمپ میں کیمپ کمانڈنٹ کے فرائض انجام دینے والے سابق کپتان مصباح الحق کو ڈین جونز اور یوہان بوتھا پر ترجیح دی جا رہی ہے۔مصباح الحق کو ہیڈ کوچ بنانے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے اور چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں بھی مصباح الحق کو ہی سونپے جانے کا قوی امکان ہے۔بولنگ کوچ کے لیے وقار یونس کے مدمقابل کوئی نہیں ہے۔انٹرویوز مکمل ، مصباح ہیڈ اور وقار یونس بولنگ کوچ کیلئے مضبوط امیدوارمحمد اکرم وقار یونس کے مقابلے میں دستبردار ہوئے تو پی سی بی نے سابق ویسٹ انڈین بولر کورٹنی والش کا انٹرویو کیا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ وقار یونس ہی پاکستان ٹیم کے بولنگ کوچ ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا اعلان رواں ہفتے کردیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق مصباح الحق کو ہیڈ کوچ بنانے پر اصولی طور پر اتفاق ہو چکا ہے، دوسری جانب محسن خان کی ابھی تک آس نہیں ٹوٹی، گزشتہ روز ایک انٹرویو میں انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ماضی میں بطور چیف سلیکٹر اور ہیڈکوچ خدمات کو دیکھتے ہوئے ان کو ایک بار پھر ملکی کرکٹ کی خدمت کا موقع ضرور دیا جائے گا۔پی سی بی کی جانب سے تشکیل دیے جانے والے پانچ رکنی پینل نے مصباح الحق، محسن خان اور ڈین جونز کے بعد جوہان بوتھا کا انٹرویو بھی کیا تھا لیکن ان کا کیس کمزور نظر آرہا ہے، بولنگ کوچ کے لیے وقاریونس مضبوط امیدوار ہیں، مصباح کی موجودگی میں کسی مہنگے بیٹنگ کوچ کا تقرر کرنے کے بجائے مصباح کی معاونت کے لیے مقامی کوچز پر انحصار کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔مصباح الحق نے گزشتہ دنوں پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ہیڈکوچ کو ہی چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں دینے سے مسائل میں کمی آ سکتی ہے، سابق کپتان کو چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں بھی دی جاسکتی ہیں، سلیکشن کمیٹی کے بجائے صوبائی ٹیموں کے سلیکٹرز کی معاونت سے ٹیلنٹ تلاش کرکے قومی ٹیموں کے لیے پول تیار کرنے کی حکمت عملی اپنانے پر بھی غور ہورہا ہے۔ یاد رہے کہ پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے معاہدے میں توسیع نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کرکٹ کمیٹی کی سفارشات منظور کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، بولنگ کوچ اظہر محمود اور ٹرینر گرانٹ لیوڈن کےکنٹریکٹ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، چاروں عہدوں پر نئی تعیناتیوں کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ اشتہار جلد جاری کرے گا۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ کرکٹ کمیٹی نے قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نئے کوچنگ اسٹاف کی تعیناتی پر مکمل اتفاق کیا ہے، کوچز کی کارکردگی کا جائزہ لینے والی کرکٹ کمیٹی تجربہ کار اراکین پر مشتمل ہے، تمام کوچز کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں، بورڈ قومی کرکٹ کی بہتری کے لیے فیصلے کرتا رہے گا۔ذرائع کے مطابق کمیٹی کے ارکان کی اکثریت قومی ٹیم کے لیے ملکی کوچ کی خدمات حاصل کرنے کے حق میں ہے جب کہ معاون اسٹاف میں غیرملکی شامل ہو سکتے ہیں۔ ابھی فی الحال اسی ہفتہ میں ہی کوچ کا باقاعدہ اعلان کردیا جائیگا ۔