راولپنڈی (ویب ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف نے ضلع راولپنڈی میں قومی اسمبلی کی 7اور صوبائی اسمبلی کے11حلقوں پرامیدواروں کو حتمی شکل دے دی ہے تحریک انصاف کی حتمی منظوری کے بعد امیدواروں کاباضابطہ اعلان آج کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 57مری سےمرتضیٰ ستی ،
این اے 58گوجرخان سے چوہدری عظیم ،این اے 59سے سرور خان ،این اے 60شیخ رشید احمد، این اے 61عمران خان، این اے 62شیخ رشیداوراین اے63ٹیکسلا سے سرور خان کے ناموں کی منظوری دی ہے جبکہ صوبائی حلقہ پی پی 10سے چوہدری افضل ،پی پی 11سے عارف عباسی ، پی پی 12سے سابق تحصیل ناظم حامد نواز راجہ ،پی پی 13سے حاجی امجد،پی پی 14آصف محمود ،پی پی15ڈاکٹر شہزاد وسیم ،پی پی 16سے اعجاز خان جازی اورپی پی 18سے راشد حفیظ کے ناموں پر اتفاق کیا گیا ہے جبکہ صوبائی حلقہ پی پی 17سے ساجد قریشی اور چوہدری اصغر پر مشتمل 2امیدوار حتمی طور پرشارٹ لسٹ کئے گئے ہیں جن کے بارے میں حتمی فیصلہ بھی آج کیا جائے گا یہاں یہ امر قابل ذکر ہے راولپنڈی شہر میں تحریک انصاف کے2سابق اراکین صوبائی اسمبلی اعجاز خان جازی اور راشد حفیظ نے حالیہ حلقہ بندیوں کے بعد صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی16سے پارٹی کو ٹکٹ کے لئے درخواستیں جمع کرائی تھیں جس پر تحریک انصاف کی قیادت کے لئے فیصلہ مشکل ہو گیا تھا تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق دونوں امیدوار اسی حلقے سے الیکشن لڑنے پر بضد تھے ،
انہی 2حلقوں کے لئے تحریک انصاف کے پاس ن لیگ سے حال ہی میں شامل ہونے والے سابق رکن صوبائی اسمبلی شہر یار ریاض اور دربار عالیہ موہڑہ شریف کے سجادہ نشین صاحبزادہ عمر فارق گل نے بھی پارٹی ٹکٹ کے لئے درخواستیں جمع کرا رکھی تھیں پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے راولپنڈی شہر سے منتخب چاروں اراکین صوبائی اسمبلی کو حلقوں میں ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کی حتمی منظوری عمران خان دیں گے ۔