لاہور: معروف سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے جیو نیوز کو خیرآباد کہتے ہوئے ”جی این این“ میں شمولیت اختیار کی تو ہر کوئی حیران رہ گیا۔ حامد میر بطور صدر نئے میڈیا گروپ ”جی این این“ کیساتھ منسلک ہوئے ہیں اور ان کے علاوہ کئی دیگر صحافیوں نے بھی اس ادارے میں شمولیت اختیار کی ہے۔
حامد میر کے جیو نیوز چھوڑنے اور جی این این میں شمولیت اختیار کرنے کے پیچھے کئی وجوہات بتائی گئیں تاہم خود حامد میر کی جانب سے اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں پیش کی گئی مگر اب انہوں نے چپکے سے ایک ایسی وجہ بتا دی ہے کہ جان کر آپ کیلئے بھی یقین کرنا مشکل ہو جائے گا۔
فاروق طارق نامی ایک ٹوئٹر صارف نے جیو نیوز کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق عدالتی حکم کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ”حامد میر نے جیو نیوز کیوں چھوڑا؟ جیو نے تمام ملازمین کو 10 اگست تک تنخواہیں ادا کرنے کا وعدہ کیا، یہ ایک معاہدہ تھا جو جیو نیوز کی انتظامیہ اور حامد میر کی زیرصدارت قائم ملازمین کی کمیٹی کے درمیان ہوا، اور تنخواہوں کی ادائیگی کا حکم سپریم کورٹ نے دیا تھا۔ جیو نے وعدے کے مطابق تنخواہیں ادا نہ کیں جس پر حامد میر نے جیو نیوز چھوڑ دیا۔“
فاروق طارق کی جانب سے یہ ٹویٹ سامنے آئی تو پاکستانیوں نے اس پر بھی شکوک و شبہات کا اظہار کیا کیونکہ یہ ٹویٹ حامد میر کی جانب سے نہیں کی گئی تھی اور نہ ہی انہوں نے کسی اور ذریعے سے ایسی کوئی تصدیق کی تھی لیکن جب حامد میر نے اس ٹویٹ کو اپنے اکاﺅنٹ پر ری ٹویٹ کیا تو پھر صارفین بھی یہ ماننے پر مجبور ہوگئے کہ حامد میر کے جیو نیوز چھوڑنے کے پیچھے چھپی وجہ یہی ہے۔