کراچی(ویب ڈیسک )بھارتی گلوکار عدنان سمیع خان اور زیبا بختیار کے بیٹے اذان سمیع خان نے بھارت کے بجائے پاکستان میں رہنے اور یہاں کیریئر شروع کرنے کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان ان کا گھر ہے لہذا انہوں نے بھارت کے بجائے یہاں رہنے کو ترجیح دی۔ اذان سمیع خان نے اپنے ایک انٹرویو میں اپنے والد کے بھارت میں رہنے کے فیصلے کے حوالے سے کہا کہ بھارت میں رہنے کا فیصلہ ان کا تھا اورمیں ان کے فیصلے کی عزت کرتا ہوں۔اذان سمیع نے کہا میرے والد کی طرح میرے پاس بھی اختیار تھا کہ میں بھارت جاکر اپنا کریئر شروع کروں یا پاکستان میں رہوں، تو میں نے اپنے ملک میں رہنے کو ترجیح دی۔ پاکستان میرا گھر ہے اور میری والدہ محب وطن خاتون ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان فلم انڈسٹری کو بھی میں اپنے گھر کی طرح مانتا ہوں اس لیے میں نے پاکستان میں رہنے اوریہاں کام کرنے کو ترجیح دی۔اذان سمیع نے اپنے اور اپنے والد کے درمیان تعلقات کے بارے میں کہا کہ ہم دونوں کا رشتہ بہت عجیب ہے، میں ان سے اور ان کے کام سے سیکھنے کی کوشش کرتاہوں۔ میں ان کا بیٹا ہوں لہذٰا میرا حق نہیں ہے کہ میں ان پر یا ان کے کسی فیصلے پر تبصرہ کروں۔ لیکن میری زندگی میں ایک بات بہت واضح ہے کہ میں ایک پاکستانی ہوں اور پاکستان میں کام کرنا چاہتاہوں۔اذان سمیع نے ان کے والد پر سوشل میڈیا پر بننے والی مزاحیہ پوسٹوں پر کہا کہ انہیں یہ پوسٹیں دیکھ کر بالکل بھی برا نہیں لگتا بلکہ کچھ پوسٹس تو اتنی مزاحیہ ہوتی ہیں کہ مجھے انہیں دیکھ کر بہت ہنسی آتی ہے۔ یہ بات تو طے ہے کہ پاکستانیوں کی حس مزاح کو کوئی ہرا نہیں سکتا اور مجھے یہ پوسٹس دیکھ کر بڑا مزہ آتا ہے تاہم صرف ایک چیز بری لگتی ہے کہ لوگ یہ مزاحیہ پوسٹس بناتے ہوئے انسان کا ماضی کا کام بھول جاتے ہیں۔واضح رہے کہ اذان سمیع خان کا شمار پاکستان کے نامور موسیقاروں میں ہوتا ہے انہوں نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلموں’’پرے ہٹ لو‘‘ اور ’’سپر اسٹار‘‘ کی موسیقی ترتیب دی ہے جسے شائقین نے بے حد پسند کیاہے۔ اس کے علاوہ فلم ’’سپراسٹار‘‘ کا اسکرین پلے بھی اذان سمیع نے لکھا ہے۔