بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان نے بھارتی فلم ’گاندھی: دی کانسپریسی‘ کا گانا گانے سے معذرت کر لی ہے۔فلم پروڈیوسرلکشمی آئر کا کہنا ہے کہ راحت فتح علی پہلے بہت پرجوش تھے لیکن بعد میں انہوں نے فلم کا حصہ بننے سے معذوری کا اظہار کیا۔
فلم پروڈیوسر کے مطابق راحت فتح علی خان کے ساتھ دبئی میں کئی ایک ملاقاتیں ہوئیںلیکن گزشتہ ماہ جب حتمی معاہدہ ہونا تھا،خان صاحب نے گاناگانے سے انکار کردیا۔ گانے کے بول شاہد کبیر کی مشہور نظم ’میں نہ ہندونہ مسلمان‘ سے لیے گئے ہیں۔
لکشمی آئر نے بھارتی اخبار’مڈڈے‘ کو بتایا کہ راحت فتح علی خان کے انکار کے بعد اب یہ گانا ربی شیرگل گائیں گے۔خان صاحب کے خیال میں شاید اس فلم کو پاکستان میں پسندیدگی کی نظر سے نہ دیکھا جائے ۔اس لیے وہ کسی مشکل میں نہیں پڑنا چاہتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ راحت فتح علی خان کے انکار کے باوجود ان کی قدر کرتی ہیں اور اس بات کی اُمیدرکھتی ہیں کہ وہ ان کی اگلی کسی فلم کے لیے ضرور اپنی خدمات پیش کریں گے۔ انہوں نے دونوں میں بہتر تعلقات کی خواہش کا بھی اظہار کیاہے۔اخبار کے مطابق اس سلسلے میں راحت فتح علی خان کا موقف جاننے کی کوشش کی گئی تو ان سے رابطہ نہ ہو سکا۔