لاہور (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان نے ضمنی انتخابات سے متعلق نواز شریف کے حالیہ بیان کو غلط قرار دے دیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ کل کے الیکشن میں پی ٹی آئی کی جیت ہوئی، بنوں اور اٹک میں شکست اندرونی سیاست کی وجہ سے ہوئی۔ لیگی امیداروں کو شرم آنی چاہئیے انہوں نے نتائج سے پہلے ہی شور مچانا شروع کر دیا۔ فیاض الحسن نے نواز شریف کے حالیہ بیان سے متعلق کہا کہ ضمنی الیکشن میں فتح سے متعلق نواز شریف کا بیان بلکل غلط ہے۔خیال رہےاحتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں عوام نے ہم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اب ڈالر اور مہنگائی کے حالات عوام نے دیکھ لیے ہیں، پہلے 60 دنوں میں ضمنی انتخاباتکا اس طرح کا نتیجہ پہلی مرتبہ آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کی نشست بھی ایسی ہی ہے کہ جیسے ہم نے جیتی ہے۔ میں نے محبت اور جانفشانی سے بطور وزیراعظم اپنا فرض ادا کیا جس کا عجیب صلہ مل رہا ہے۔ میں جیل سے رہا ہوا تو شہباز شریف کو جیل میں ڈال دیا گیا۔ جب ہماری حکومت تھی تو دل لگا کر اور محنت سے کام کیا۔ عوام حالات دیکھ رہے ہیں اور ہمیں دوبارہ لے کر آئیں گے۔ضمنی انتخاب میں ہماری توقعات سے بڑھ کر نشستیں ملیں۔ چار سال میں ڈالر کی قیمت نہیں بڑھی تھی لیکن گذشتہ 55 دنوں میں عوام نے ڈالر کی قیمت میں اضافہ دیکھ لیا ہے۔انشا ء اللہ اب بہت جلد حالات بدل جائیں گے۔ اللہ کے فضل سے یہ سارے حالات بدل جائیں گے۔ ہمارے زمانے میں لوگ خوش تھے کہ مہنگائی نہیں ہے۔ ضمنی انتخاب میں غریب لوگ مطمئن تھے ، انہی کی دعاؤں کی وجہ سے مسلم لیگ ن ضمنی انتخاب میں کامیاب ہوئی۔ لیکن آج مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ضمنی انتخاب کا نتائج دیکھ کر اندازہ ہو رہا ہے کہ آنے والا وقت کیسا ہو گا۔