سکھر: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ طاقت کا سرچشمہ اللہ کے بعد عوام ہیں لیکن عوام کے بجائے دوسری طرف دیکھنے والے مر کیوں نہیں جاتے۔
سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ نوازشریف کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے دہشت گرد آگےہیں، ملک مقروض ہوچکا ہے، لوڈ شیڈنگ عروج پر ہے اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیاہے۔ میں گو گو پر یقین نہیں رکھتا، اس کا فائدہ تیسری قوت اٹھاتی ہے، اس گو گو سے ہم خود گو ہوجاتےہیں اور آمر آجاتاہے، پرویز مشرف کے دور میں ہرجماعت گم ہوچکی تھی۔ پیپلز پارٹی کے وزیر اعظم کو کھڑے کھڑے نااہل قرار دے دیا گیا لیکن اللہ کے بعد عوام کو طاقت سمجھتے ہیں، عوام کے بجائے دوسری طرف دیکھنے والے مرکیوں نہیں جاتے، چیزیں کھل کرسامنے آگئیں ہیں اور امپائر کون تھے وہ بھی سامنے آگئے ہیں۔
خورشید شاہ نے مزید کہا کہ پاناما معاملے کو سب سے پہلے پیپلز پارٹی سامنےلائی لیکن ہم نے پارلیمنٹ کاراستہ نہیں چھوڑا، اسلام آبادبند کرنے کےاعلان سے تحریک انصاف کے اہم رہنما بھی لاعلم رہے، غریب کارکن سڑکوں پر جوتے کھارہے تھے اور عمران خان اندر بیٹھے تھے، ایسی ایسی باتیں ہیں کہ بتاؤں توشرم آجائے لیکن فیصلے ہونے چاہئیں، عدالت دباؤ میں نہیںآتی، دیکھتےہیں اب کیا ہوتا ہے۔