کراچی (ویب ڈیسک) ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کریم کھرل کا کہنا ہے کہ دعا منگی کے اغواء کی تحقیقات پولیس ٹیم کر رہی ہے اور اغواء کے شواہدکی روشنی میں تحقیقات میں پیش رفت بھی ہوئی ہے۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ
شرجیل کھرل نے بتایا کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس سے مبینہ طور پر اغواء کی گئی لڑکی کے معاملے میں پولیس کی تفتیشی ٹیم تحقیقات کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ دعا منگی کے ساتھ موجود نوجوان حارث کو لگنے والی نائن ایم ایم گولی کا خول تلاش کر لیا گیا ہے ، امید ہے لڑکی دعا منگی کو جلد بازیاب کرالیں گے۔دوسری جانب جیو پاکستان میں ہی بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینیٹر عاجز دھامرا کا کہنا تھا کہ بغیر تاوان کے دعامنگی کو بازیاب کرایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ زخمی لڑکے حارث کی مدعیت میں پولیس کارروائی کی جائے گی ۔سینیٹر عاجز دھامرا نے دادو میں کمسن بچی کے قتل معاملے پر بھی بات کی اور بتایا کہ اس معاملے میں دادو کی انتظامیہ سے باز پرس کی گئی ہے۔