اسلام آباد: نوازشریف کو ذاتی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جتنا دبانے کی کوشش ہو گی لوگ اتنا ہی پیار کریں گے، عمران خان اداروں کو متنازع کر رہے ہیں: لیگی رہنماؤں کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو
احتساب عدالت کے باہر لیگی رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نواز شریف کو ذاتی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جتنا دبانے کی کوشش ہو گی لوگ اتنا ہی پیار کریں گے۔ انہوں نے کہا عمران خان اداروں کو متنازع کر رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عمران خان اداروں کو متنازع کر رہے ہیں، اداروں پر بات کرنے پر ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا پاک فوج سرحددوں پر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے، تاثر دیا جاتا تھا کہ جےآئی ٹی اور نیب سے بھاگا جا رہا ہے، لیکن وقت کے ساتھ تمام تاثرات غلط ثابت ہوئے۔ مریم اورنگزیب نے کہا جے آئی ٹی نے پوری دنیا سے ثبوت اکٹھے کرنے کی کوشش کی، لیکن انھیں کچھ نہیں ملا، جھوٹے الزامات کے باوجود سپریم کورٹ میں ٹرائل ہوا۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اشتہاری عدالتوں میں پیش نہیں ہو رہے، عمران خان اور جہانگیر ترین عدالتوں میں جواب نہیں دے پا رہے۔ انہوں نے کہا ہم نے والیم 10 کو پبلک کرنے کی استدعا کی ہے، نیب کو برطانیہ سے کوئی ثبوت نہیں مل سکا۔ لیگی رہنما نے کہا زرداری صاحب کا سارا ریکارڈ عدالت سے غائب ہو گیا ہے، پی ٹی آئی کو جو کہا جائے وہ ویسے ہی آگے بات کر دیتے ہیں۔
ادھر مشاہد اللہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف سے پاکستان کے کروڑوں لوگ محبت کرتے ہیں، ان کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا۔ انہوں نے کہا نوازشریف کو جتنا دبانے کی کوشش کی جائے گی لوگ ان سے اتنا ہی پیار کریں گے۔ مشاہد اللہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو پاکستان سے محبت کی سزا دی جا رہی ہے کیونکہ انہوں نے دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا۔