counter easy hit

نیب پرآج کل تنقید کیوں ہورہی ہے ؟ چیئرمین نیب میدان میں آگئے ۔

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، کرائم کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے، جتنی مرضی تنقید ہو نیب اپنی ذمہ داری پوری کرے گا،، نیب کی موجودہ انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے شاندار نتائج سامنے آئے ہیں ،، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں نیب ریجنل بیورو کی مجموعی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور اور نیب لاہور کے تمام شعبوں کے ڈائریکٹرز نے چیئرمین نیب کو جاری کیسز سے متعلق بریفنگ دی۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے اور نیب قانون کے مطابق پیشہ واریت اور شفافیت پر عمل کرتے ہوئے بدعنوان عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے میگا کرپشن کے وائٹ کالر کرائم کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے،نیب نے پاکستان کو بدعنوانی سے پاک کرنے کیلئے انسداد بدعنوانی کی مؤثر حکمت عملی وضع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی آپریشنل میتھٹڈالوجی شکایات کی جانچ پڑتال، انکوئری اور انوسٹی گیشن پر مبنی ہے، نیب کو 2017ء کے مقابلہ میں 2018ء میں دوگنا شکایات موصول ہوئی ہیں، پلڈاٹ کی حالیہ رپورٹ کے مطابق نیب پر 42 فیصد لوگ، پولیس پر 30 فیصد اور سرکاری افسران پر 29 فیصد لوگ اعتماد کرتے ہیں،ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرپشن پرسپشن انڈیکس کی درجہ بندی میں 126ویں سے 116ویں نمبر پر آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیائی ممالک کیلئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے اور پاکستان سارک ممالک کے اینٹی کرپشن فورم کا چیئرمین ہے۔