مکہ مکرمہ: حرم مکی شریف میں منفی رجحانات کے انسداد کے لئے قائم کی جانے والی کمیٹی نے رمضان المبارک کے دوران 605 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
گرفتار شدگان حرم مکی شریف کے اندر اور بیرونی صحنوں میں منفی رجحانات کو فروغ دے رہے تھے۔ سبق ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کمیٹی کے سربراہ طارق المالکی نے کہا کہ کمیٹی کے 110 اہلکار حرم مکی شریف کے اندر اور بیرونی صحنوں میں متعین ہیں۔ یہ لوگ رمضان المبارک کے دوران 24 گھنٹے مختلف شفٹوں میں کام کرتے ہیں۔ حرم شریف میں کسی بھی قسم کے منفی رجحان کے انسداد کےلئے فوری طور پر کارروائی کی جاتی ہے۔ حرم مکی شریف یا بیرونی صحنوں میں گدا گری کے علاوہ مروہ میں معتمرین کے بال کٹوانا یا قینچی فراہم کرنا، حرم میں نماز کےلئے جگہ مختص کرنا، زائرین حرم کو نماز کی جگہ فروخت کرنایا پھر حرم سے باہر جانے کی وجہ سے اپنی جگہ پر مصلی بچھادینا تاکہ کوئی دوسرا جگہ پر نہ بیٹھ جائے، یہ سب منفی رویئے ہیں جن کا انسداد ضروری ہے۔کمیٹی کے اہلکار حرم مکی شریف میں جہاں کہیں بھی جگہ مختص کرنے کےلئے مصلّٰی بچھا ہوا دیکھتے ہیں تو اسے ضبط کرلیتے ہیں۔ منفی رجحانات میں ملوث اگر غیر ملکی ہوگا تو اسے ترحیل شمیسی کے حوالے کیا جاتا ہے۔