ممبئی: بالی ووڈ کے مشہور اداکار نواز الدین صدیقی نے کہا ہے کہ ہالی ووڈ میں کام حاصل کرنے کے لیے کسی کے سامنے ہاتھ نہیں جوڑوں گا اور کسی کو فلم میں کام کروانا ہے تو خود چل کر میرے پاس آئے۔
بھارتی میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں نواز الدین صدیقی نے کہا کہ مجھے بالی ووڈ میں اچھا کام مل رہا ہے۔ میں اس پر خوش و خرم ہوں اس لیے کہیں اور جانے کی ضرورت بھی محسوس نہیں کرتا۔ میں مغرب میں جاکر کام حاصل کرنے کے لیے بھاگ دوڑ نہیں کروں گا، اگر ہالی ووڈ سے مجھے فلم کی پیش کش کی گئی اور فلم کا اسکرپٹ اور اپنا کردار پسند آیا تو ضرور کام کروں گا۔
نواز الدین کا مزید کہنا تھا کہ فلموں میں ادا کیے گئے کردار اداکار پر اثر انداز بھی ہوتے ہیں۔ اداکار جو کردار ادا کرتا ہے وہ خودبخود کسی نہ کسی حد تک اسے متاثر کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں فلم کو فلم سمجھ کر نہیں بلکہ اسے اپنی زندگی سمجھ کر کرتا ہوں۔ 2015 میں مانجھی فلم کرنے کے بعد میں شدید ڈپریشن کا شکار ہوگیا کیونکہ وہ بہت جذباتی کردار تھا لیکن پھر آپ کو اپنی زندگی کے اس حصے کو بھلا کر آگے بڑھنا پڑتا ہے۔ یہی آگے چلنے کا واحد طریقہ ہے۔